پیداوا ری لاگت میں کمی کیلئے حکومت خصوصی ترغیبات کا اعلان کرے

پیداوا ری لاگت میں کمی کیلئے حکومت خصوصی ترغیبات کا اعلان کرے

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 فیصل آباد (بیورورپورٹ)آل پاکستان ٹیکسٹائل مینو فیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے ترجمان نے بتایاہے کہ پاکستانی ٹیکسٹائل مصنوعات کی پیداواری لاگت میں اضافہ کے باعث عالمی منڈی میں چین ، بھارت اور بنگلہ دیش کی مصنوعات کی مانگ میں اضافہ ہو گیا ہے کیونکہ ان ممالک کی مصنوعات پیداواری لاگت کم ہونے کے باعث پاکستانی ٹیکسٹائل مصنوعات کے مقابلے میں سستی ہیں لہٰذا حکومت پاکستان بھی اس ضمن میں خصوصی ترغیبات کا اعلان کرے تاکہ عالمی منڈی میں مقابلہ بازی کی صورتحال سے نمٹنے میں آسانی ہو سکے۔پیر کے روز میڈیاسے بات چیت کے دوران انہوں نے کہا کہ بجلی ، گیس ،خام مال ، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ،مختلف ٹیکسز کے نفاذ ، ٹرانسپورٹیشن و توانائی کے اخراجا ت دوگنا ہونے سمیت توانائی بحران ودیگر مشکل حالات کے باعث پاکستان کی پیداواری صلاحیت انتہائی ابتری کا شکار ہے اور برآمد ی صنعتوں کیلئے آرڈرز کی بروقت تکمیل نہ ہونے سے جہاں پیداواری لاگت میں اضافہ ہو رہا ہے وہیں ان کی تکمیل میں بھی سخت دشواریاں درپیش آ رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ دوسرے ممالک کی حکومتیں برآمدی صنعتوں کو مراعات فراہم کر رہی ہیں جس کے باعث ان کی مصنوعات کی قیمتیں پاکستان کے مقابلے میں بہت کم ہیں۔انہوں نے کہاکہ سندھ اور کراچی کی ٹیکسٹائل و دیگر انڈسٹری کو پوراہفتہ گیس فراہم کی جارہی ہے جبکہ وہاں سی این جی سٹیشنز کیلئے بھی گیس کی فراہمی کاسلسلہ جاری ہے مگر پنجاب میں انڈسٹری کو ہفتہ میں صرف 2دن گیس فراہم کی جاتی ہے۔  جبکہ اس دوران بھی گیس کا پریشر پورانہیں ہوتا۔انہوں نے کہاکہ ٹیکسٹائل انڈسٹری کی زیادہ تر مشینری اس انداز سے ڈیزائن کی گئی ہے کہ اسے گیس کے علاوہ کسی دیگر متبادل ذریعہ توانائی سے چلانا ممکن نہیں۔ انہوں نے کہاکہ اس پر رہی سہی کسر بجلی کی لوڈ شیڈنگ نے پوری کردی ہے ۔ انہوں نے توانائی کے بحران کے خاتمہ اور سٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے رعائتی برآمدی قرضوں کی شرح سود میں بھی فوری طور پر کمی کا مطالبہ کیا ہے۔

مزید :

کامرس -