وبائی امراض کی روک تھام حکومت کی اولین ترجیح ہے،ڈاکٹر زاہد پرویز

وبائی امراض کی روک تھام حکومت کی اولین ترجیح ہے،ڈاکٹر زاہد پرویز

 لاہور ( جنرل رپورٹر) ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ پنجاب ڈاکٹر زاہد پرویز نے کہا ہے کہ پولیو سمیت تمام وبائی امراض کا خاتمہ اور روک تھام حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ بچے ملک و قوم کا قیمتی اثاثہ ہیں جنہیں بیماریوں سے محفوظ بنانا ہمارا قومی فریضہ ہے جس کیلئے روٹین ایمونائز یشن کوریج کو زیادہ سے زیادہ بہتر بنانا ناگزیر ہے۔انہوں نے یہ بات گزشتہ روز پنجاب ہیلتھ ڈویلپمنٹ سینٹر میں ای پی آئی سپروائزر کیلئے ٹریننگ آف ماسٹر ٹرینرز کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر PHDC کے ڈائریکٹر ڈاکٹر سہیل ثقلین، پنجاب ہیلتھ سیکٹرز ریفارمز پروگرام کے ڈائریکٹر علی بہادر قاضی، ایم ایس سروسز ہسپتال ڈاکٹر عمر فاروق بلوچ ، پروکیورمنٹ سپیشلسٹ محکمہ صحت طیب فرید کے علاوہ تربیتی ورکشاپ کے شرکاء بھی موجود تھے۔ یہ تربیتی ورکشاپ 6اپریل سے 23اپریل تک جاری رہے گی۔ ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ نے مزیدکہاکہ گذشتہ 4ماہ کے دوران محکمہ صحت کی کارکردگی میں نمایاں بہتری آئی ہے اور ای۔ویکس سسٹم کے ذریعے پولیو کوریج اور EPI کے تحت روٹین ایمونائزیشن کوریج کی مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔ ڈاکٹر زاہد پرویز نے کہاکہ بچوں کو بیماریوں سے محفوظ رکھنے کیلئے ایمونائزیشن کرنے والے ویکسینیٹرز اور پولیو ورکرز سرکاری ڈیوٹی کے ساتھ قومی فریضہ سرانجام دے رہے ہیں۔ ڈاکٹر زاہد پرویز نے کہاکہ ڈاکٹر سہیل ثقلین نے پی ایچ ڈی سی میں ہیلتھ منیجرز، ویکسینیٹرز، ہیلتھ ٹیکنیشنز اور دیگر شعبوں سے وابستہ افراد کیلئے ٹریننگ پروگرام کاباقاعدہ انعقاد کرکے اس ادارے میں جان ڈال دی ہے

مزید : میٹروپولیٹن 1