پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ سے مہنگائی کو فروغ ملے گا،گڈز ٹرانسپورٹرز

پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ سے مہنگائی کو فروغ ملے گا،گڈز ٹرانسپورٹرز

 لاہور(وقائع نگار)پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ ایسو سی ایشن نے پیٹرول اور ڈیزل کی حالیہ قیمتوں میں اضافہ پر افسو س کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ ہوشربا مہنگائی کا باعث بنے گا انہوں نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بین الاقوامی سطح میں کمی کے مطابق پاکستان میں کمی نہیں کی گئی تھی اس لیے حالیہ پٹرولیم مصنوعات میں اضافہ کا جواز نہ تھا انہوں نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات میں اضافہ کو بنیاد بنا کر عنقریب فیول ایڈجسٹمنٹ چارجز کی مد میں بجلی کی قیمتوں میں اضافہ متوقع ہے جوٹرانسپورٹروں، صنعتکاروں اور تاجروں پر مزید بوجھ ہوگا ان خیالات کا اظہارپاکستان گڈز ٹرانسپورٹ ایسو سی ایشن کے مرکزی جنرل سیکر ٹری طارق نبیل نے گزشتہ روز ٹرانسپورٹروں کے اجلا س کی صدارت کر تے ہوئے کیا ۔ جبکہ اس مو قع پرسر پر ست اعلی چوہدری مختار احمد،صدر لاہور ملک شو کت ،سینئر رہنماء سراف گل ، علیم بٹ ، مرزا ارشد بیگ و دیگر مو جو د تھے ۔طارق نبیل نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات ٹریڈ، بزنس، اور انڈسٹریزمیں بنیادی حیثیت رکھتی ہیں ان کی قیمتوں میں تھوڑاسا اضافہ بھی مختلف شعبہ جات میں گہرا اثر ڈالتا ہے ۔     اشیاء کی ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقلی ،مصنوعات کی ترسیل اور کارگو سیکٹر میں کرایوں میں اضافہ ہونے سے اشیاء مہنگی ہو جاتی ہیں جس سے صنعت کار، تاجر برادری اورعام لوگ متاثر ہو تے ہیں۔طارق نبیل نے کہا کہ عا لمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں کمی ہورہی ہے مگر حیران کن بات یہ ہے کہ پاکستان میں اس کے برعکس مزید اضافہ کردیا گیا ہے ا نہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے قبل ازیں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کی مخالفت کی تھی اور عوام دوست فیصلہ کیا تھا جسے سراہا گیا تھا اس بار بھی عوام اس بات کی توقع کرتی ہے کہ پہلے کی طرح اب بھی اضافہ نہ کیا جائے۔انہوں نے حکومت سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کے حالیہ اضافہ کو فی الفور واپس لیا جائے تاکہ ٹرانسپورٹ سیکٹر،کاروباری افراد اور عام شہریو ں کی مشکلا ت میں کمی واقع ہو سکے۔

مزید : میٹروپولیٹن 1