انٹرنیٹ کے غلط استعمال نے اخلاقی قدروں کو روند دیا،زبیر خان

لاہور ( فورم : شہزاد ملک، تصاویر: زیشان منیر) فلاحی ادارے میسو گرومنگ سسٹم کے جنرل سیکرٹری زبیرخان نے کہا ہے کہ معاشرے میں بڑھتی ہوئی تنگ نظری ، انتہا پسندی، سوشل میڈیا اور انٹرنیٹ کے غلط استعمال نے نوجوان نسل کو بے راہ روی کا شکار کر کے ان کی اخلاقی اقتد ار کو تباہ کر دیا ہے اگر حکومت پاکستان کو ترقی یافتہ ممالک کی صف میں دیکھنا چاہتی ہے تو نوجوان نسل کو منشیات، کلاشنکوف کلچر، سوشل میڈیا اور انٹر نیٹ کے غلط استعمال سمیت دیگر سماجی برائیوں سے بچا کر علم و تحقیق کی راہ پر ڈالنے اور ہنر مند بنانے کے ساتھ ساتھ وسائل سے تنگ نوجوانوں کو مناسب ماحول مہیا کرنا ہو گاان خیالا ت کا اظہار انہوں نے "پاکستان فورم" میں کیا۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں پاکستان کرپشن،اقرباپروری، جہالت، غربت، بے روز گاری، انتہا پسندی، دہشت گردی اور توانائی بحران کی وجہ سے اندھیروں میں ڈوبا ہوا ہے، حکومت اگرنوجوان نسل کو حقیقی معنوں میں آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنے کے حوالے سے عملی اقدامات کرے تو بے پناہ صلاحیتوں کی حامل نوجوان نسل اپنے کارناموں سے اندھیروں میں ڈوبے ہوئے پاکستان کو روشن مستقبل کی طرف گامزن کردے گی۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان معدنی وسائل کی دولت سے مالا مال ملک ہیں اگر حکمران زیر زمین اس دولت کو نکلانے کے لئے نوجوان نسل کو تیار کرے تو اس سے بے روزگاری بھی ختم ہو گی ۔ موجودہ حالات میں نوجوان نسل کی کیریئر کونسلنگ کرنے کی اشد ضرورت ہے اگر حکومت ملک بھر میں تحصیل کی سطح پرکیریئر کونسلنگ سنٹر قائم کر دے توطالبعلم اپنے لئے بہتر مستقبل کا انتخاب کرسکتے ہیں ۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میسو گرومنگ سسٹم پر امن ،ترقی یافتہ اورمستحکم معاشرے پر یقین رکھتا ہے اور یہ تب ہی ممکن ہے جب معاشرے میں احترام آدمیت وخدمتِ انسانیت کی اہمیت و آفادیت کو اُجاگر کیا جائے اور افراد کی ہر سطح پر کردار سازی کی جائے ،اُن میں اخلاقی، معاشرتی، مذہبی اور سیاسی آگاہی کے ساتھ ساتھ اعلیٰ علمی شعور بیدار کیا جائے جبکہ معاشرے کے دُھتکارئے ہوئے افراد کو مناسب ماحول میں تربیت فراہم کر کے روزگار کمانے کے قابل بنا کرایک صحت مند معاشرے کا حصہ بنایا جائے۔ اس حوالے سے حکومت کے ساتھ ساتھ مخیر حضرات کو بھی اپنا کردار ادا کرتے ہوئے فلاحی اداروں کی بھرپور معاونت کرنی ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل کی کردار سازی وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔تعلیم محض نوکری حاصل کرنے کا ذریعہ بن چکی ہے، ہر کوئی اچھا انسا ن بنانے کی بجائے بچے کی تعلیم پر اچھے مستقبل کو فوکس کرتا ہے، انہوں نے کہا کہ تعلیم کو فروغ دئیے بغیر کوئی معاشرہ ترقی نہیں کر سکتا۔