خادم پنجاب دیہی روڈز پروگرام سڑکیں ۔۔۔معاشی ترقی وخوشحالی کا زینہ

خادم پنجاب دیہی روڈز پروگرام سڑکیں ۔۔۔معاشی ترقی وخوشحالی کا زینہ
خادم پنجاب دیہی روڈز پروگرام سڑکیں ۔۔۔معاشی ترقی وخوشحالی کا زینہ

  

دور حاضر میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے بڑھتے ہوئے نیٹ ورک کے ساتھ ساتھ زمینی نیٹ ورک کو زیادہ سے زیادہ جدید اور بہترین بنانا، خوشحالی اور ترقی تک پہنچنے کا بنیادی جزو ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ترقی یافتہ ممالک میں شاہراہوں کو زیادہ آرام دہ، کشادہ اور رکاوٹوں سے پاک رکھنے کے لئے جدید ٹیکنالوجی اور انسانی علم و ہنر کو کام میں لایا جا رہا ہے۔ذرائع آمدورفت کا بہترین انفراسٹرکچر کسی بھی ملک کے لئے مرکزی حیثیت رکھتا ہے۔ معاشی ترقی کا دارومدار ایک مربوط اور منظم مواصلات کے نظام پر منحصر ہے۔ اسی طرح بڑے شہروں کو ملانے والی شاہرات کے علاوہ بین الاضلاعی اور کھیت سے منڈی تک پختہ سڑکوں کا جال اقتصادی انقلاب کی راہ ہموار کرنے میں معاون ثابت ہوتا ہے۔ حکومت نے روڈ نیٹ ورک اور انفراسٹرکچر کی تعمیر کے لئے علیٰحدہ علیٰحدہ رقوم مختص کی ہیں، تاکہ ذرائع نقل و حمل کو تیز کرکے نہ صرف وقت کی بچت کی جاسکے ،بلکہ پیداوار کی منڈیوں تک رسائی کو سہل بنایا جاسکے۔ پنجاب میں نقل و حمل کا سب سے اہم ذریعے سڑکیں ہیں جن پر مسافروں اور سامان سے متعلق ٹریفک کا 90فیصد دارومدار ہے اور اس میں بالترتیب 4.5اور 10فیصد اضافہ ہو رہا ہے۔

خادم پنجاب محمد شہباز شریف کی قیادت میں حکومت صوبہ بھر کے عوام کو معیاری سہولیات کی فراہمی کے لئے جامع اور منظم اقدامات کر رہی ہے۔ جدید ذرائع مواصلات کی اہمیت و افادیت کے پیش نظر حکومت عوام کو تیزرفتار اور آرام دہ سفری سہولیات کی فراہمی کے لئے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ بڑھتی ہوئی آبادی اور ٹریفک کے دباؤ کے پیش نظر میگاپراجیکٹس شروع کئے ہیں ،جس کے تحت انڈر پاسز اور فلائی اورز کے ساتھ ساتھ نئی سڑکوں کی تعمیر اور پہلے سے موجود سڑکوں کی ری ماڈلنگ کی جا رہی ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے پاکستان کی تاریخ کے دیہی سڑکوں کی تعمیر و مرمت کے سب سے بڑے منصوبے ’’خادم پنجاب دیہی روڈز پروگرام‘‘ کا باقاعدہ افتتاح کر دیا ہے ،جس کے تحت آئندہ 3 برس کے دوران مرحلہ وار صوبہ پنجاب کی تمام دیہی سڑکوں کی تعمیر ومرمت کی جائے گی ،جس پر تقریباً 150 ارب روپے کی خطیر رقم خرچ ہوگی۔ وزیراعلیٰ نے ’’خادم پنجاب دیہی روڈز پروگرام‘‘ کے تحت ضلع قصور کے علاقے صوئے آصل کی 8 کلومیٹر طویل سڑک لدھیکے بھلر تا پانڈوکی سڑک کی تعمیرو مرمت کا افتتاح کیا۔ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے کہا کہ پنجاب حکومت نے دیہی سڑکوں کی تعمیر و بحالی کے لئے ایک تاریخ ساز پروگرام پر عملدرآمد شروع کر دیا ہے ،جس پر اربوں روپے خرچ کئے جائیں گے۔ رواں برس 2 ہزار کلومیٹر طویل دیہی سڑکوں کی تعمیر و مرمت کے لئے 15 ارب روپے کی خطیر رقم مختص کی گئی ہے۔ پنجاب کے ہر ضلع میں’’خادم پنجاب دیہی روڈز پروگرام‘‘کے تحت دیہی سڑکوں کا جال بچھانے کے شاندار پروگرام کا آغاز کر دیا گیا ہے اور دیہی علاقوں میں ان سڑکوں کی بھی تعمیر و مرمت کی جائے گی جو گزشتہ کئی دہائیوں سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار تھیں۔ ’’خادم پنجاب دیہی روڈز پروگرام‘‘ کے تحت دیہی علاقوں میں تعمیر و مرمت کے حوالے سے سڑکوں کی چوڑائی کو 10 فٹ سے بڑھا کر 12 فٹ کر دیا گیا ہے ،جبکہ شولڈرز شامل کرنے کے بعد چوڑائی 24 فٹ ہوگی۔ اس پروگرام کے تحت بننے والی تمام سڑکیں مکمل کارپٹڈ ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ پروگرام ایک نئے وژن کے تحت شروع کیا گیا ہے ،جس کا مقصد کسانوں، کاشتکاروں اور دیہات میں بسنے والوں کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں فراہم کرنا ہے اور یہ پروگرام دیہی علاقوں کی ترقی اور خوشحالی کے لئے ایک تاریخی سنگ میل ثابت ہوگا۔ زراعت کی ترقی سے کسانوں کو ان کی فصلوں کا اچھا معاوضہ ملے گا۔ دیہات میں بسنے والوں کو سکولوں، کالجوں، ہسپتالوں اور دیگر مقامات پر آنے جانے میں آسانی رہے گی۔ پنجاب کی دیہی آبادی کو سماجی و معاشی ترقی کے ثمرات میسر آئیں گے۔وزیراعلیٰ نے صوئے آصل میں ’’خادم پنجاب دیہی روڈز پروگرام‘‘ کے تحت دیہی سڑکوں کی تعمیر و مرمت کے کام کا باقاعدہ افتتاح کر رہا ہوں ،جبکہ پنجاب بھر میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی اپنے اپنے علاقوں میں اس پروگرام کے تحت دیہی سڑکوں کی تعمیر و مرمت کے کام کا افتتاح کیا۔اس طرح دیہی علاقوں کی ترقی کے لئے تاریخ کا سب سے بڑا پروگرام آج شروع کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’خادم پنجاب دیہی روڈز پروگرام‘‘ کے تحت تعمیر و مرمت ہونے والی تمام سڑکوں کے اعلیٰ معیار کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے گا اور اس ضمن میں تھرڈ پارٹی آڈٹ لازمی ہوگا اور تھرڈ پارٹی آڈٹ کے بعد ہی ٹھیکیدار کو ادائیگی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ اس پروگرام کے تحت سڑکو ں کی تعمیر و مرمت کے لئے ٹھیکیداروں کا انتخاب انتہائی شفاف طریقے سے کیا گیا ہے اور مجھے پورا یقین ہے کہ ٹھیکیدار’’خادم پنجاب دیہی روڈز پروگرام‘‘ کے تحت دیہی سڑکوں کی تعمیر و مرمت کے حوالے سے محنت، دیانت اور ایمانداری سے کام کریں گے اور سڑکوں کی تعمیر کے دوران معیار پر خصوصی توجہ دیں گے۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ نے اعلان کیا کہ اس پروگرام کے تحت سب سے بہترین 3ٹھیکیداروں کی بھرپور حوصلہ افزائی کی جائے گی اور انہیں انعام و تعریفی سرٹیفکیٹس دیئے جائیں گے ،جبکہ ان کنٹریکٹرز کی لیبر کو نقد انعام دیا جائے گا۔ اسی طرح 10 بہترین انجینئرز کی بھی بھرپور حوصلہ افزائی کی جائے گی اور انہیں بھی انعام اور تعریفی سرٹیفکیٹس دیں گے ،لیکن اگر کسی نے غلط کام کیا تو انہیں کڑی سزا ملے گی ،کیونکہ یہ پیسہ پنجاب کے عوام کا ہے اور عوام کے خون پسینے کی کمائی میں ایک پیسے کی بھی خیانت برداشت نہیں کی جائے گی۔ وزیراعلیٰ نے صوبائی وزیر تعمیرات و مواصلات، سیکرٹری تعمیرات و مواصلات اور فیلڈ افسران پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ ’’خادم پنجاب دیہی روڈز پروگرام‘‘ کے تحت بننے والی دیہی سڑکوں پر ہونے والے کام کا خود جائزہ لیں اور اپنی ذمہ داریاں بطریق احسن ادا کریں ،کیونکہ اس عظیم پروگرام کا براہ راست تعلق کاشتکاروں اور کسانوں کی فلاح و بہبود سے جڑا ہوا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ میں خود اس فلیگ شپ پروگرام کی نگرانی کروں گا اور اچانک دورے کرکے کام کے معیار کا جائزہ لوں گا ،کیونکہ میں نے آج تک معیار اور شفافیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا اور اس پروگرام کے تحت بننے والی سڑکوں کے معیار اور شفافیت کو یقینی بنایا جائے گا ،جس طرح ہم نے سات برس کے دوران دیگر منصوبوں کو مکمل کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے پروگراموں کو پنجاب مزید آگے بڑھائیں گے اور محنت، عزم، امانت اور دیانت کے اصولوں کو اپنا کر آگے بڑھیں گے ،کیونکہ قوموں کی زندگی اسی طرح بنتی ہے اور یہی قوموں کی ترقی اور خوشحالی کا راستہ ہے۔ اب باتیں کرنے، غفلت یا سستی کی کوئی گنجائش نہیں۔ اگر ہم نے بھی پاکستان کو عظیم ملک بنانا ہے تو محنت، امانت اور دیانت کے سنہری اصولوں پر چلنا ہوگا۔میں سمجھتا ہوں کہ یہی واحد راستہ ہے ،جس پر چلتے ہوئے ہم گھر، محلے، شہر اور ملک کو سنوار سکتے ہیں۔ معاشی طور پر خودمختار قوموں کی عزت دوست کے ساتھ دشمن بھی عزت کرتا ہے اور انشاء اللہ پاکستان کو عظیم ملک بنا کر دم لیں گے جو معاشی طور پر آزاد و خودمختار ہوگا۔وزیراعلیٰ نے صوبائی کابینہ، حکومت پنجاب کی سیاسی و انتظامی ٹیم کا بھی شکریہ ادا کیا ،جنہوں نے اس پروگرام کی تیاری کے حوالے سے محنت سے کام کیا۔ سیکرٹری تعمیرات و مواصلات نے ’’خادم پنجاب دیہی روڈز پروگرام‘‘ کے افتتاح کے بعد وزیراعلیٰ کو تفصیلی بریفنگ دی اور پروگرام کے اغراض و مقاصد سے آگاہ کیا۔

وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف ’’خادم پنجاب دیہی روڈز پروگرام‘‘ کے تحت صوئے آصل میں سڑک کی تعمیر و بحالی کے کام کی افتتاحی تقریب میں شرکت کے لئے پہنچے تو پاکستان مسلم لیگ (ن) کے عہدیداران نے وزیراعلیٰ کو پنجاب کی روایتی پگ پہنائی۔ وزیراعلیٰ نے دیہی سڑکوں کی تعمیر و بحالی کے پروگرام کا پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا، تاریخی اور عظیم الشان منصوبہ قرار دیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ یہ پروگرام ’’پکیاں سڑکاں۔۔۔سوکھے پینڈے‘‘ کے وژن کے تحت وضع کیا گیا ہے اور دیہی علاقوں میں بسنے والے ’’پکیاں سڑکاں۔سوکھے پینڈے‘‘ کے معنی بخوبی جانتے ہیں۔

پنجاب میں دیہی علاقوں کی معیشت کو بلند کرنے کے لئے یہ ایک تاریخی اور عظیم منصوبہ ہے ،جس کا براہ راست فائدہ کسانوں اور دیہات میں بسنے والوں کو پہنچے گا۔ کسان کے چہرے پر خوشیاں آئیں گی اور دیہی معیشت پھلے پھولے گی۔ دیہی معیشت میں انقلاب برپا ہوگااور دیہی علاقے کے لوگوں کو روزگار کے ہزاروں نئے مواقع میسر آئیں گے۔ اس پروگرام سے دیہی علاقوں میں بسنے والے کروڑوں افراد مستفید ہوں گے۔ دیہی آبادی کو تیز رفتار آمدو رفت کی سہولتیں میسر آئیں گی اور ان علاقوں میں معاشی ترقی کی رفتار تیز ہوگی۔

اس میں کوئی شک نہیں کہ موجودہ حکومت جب سے برسراقتدار آئی ہے اس نے ہمیشہ عوام کے مفادات کو مقدم رکھا ہے اور انہیں ہرممکن سہولیات اور ریلیف فراہم کرنے کے لئے اقدامات اٹھائے ہیں۔ حکومت کو عوام کی بھرپور تائید و حمایت حاصل ہے ،کیونکہ وہ جانتے ہیں کہ خادم پنجاب کی قیادت میں ان کے مسائل کے حل کے لئے عملی اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ آسانیوں کے حصول کے لئے تھوڑی بہت تکالیف کو برداشت کرنا پڑتی ہیں۔ تاریخ اس بات کی گواہ ہے کہ وہی قومیں ترقی کرتی ہیں جو قومی اہمیت کے حامل منصوبوں کے لئے قومی مفادات کو ترجیح دیتی ہیں۔

مزید : کالم