’’مولانا ظفرعلی خاں نوجوان نسل اور صحافیوں کے لیے مشعل راہ ہیں‘‘

’’مولانا ظفرعلی خاں نوجوان نسل اور صحافیوں کے لیے مشعل راہ ہیں‘‘

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 لاہور(پ ر) جامع پنجاب کے وائس چانسلر ڈاکٹر مجاہد کامران نے کہا ہے کہ مولاناظفرعلی خاں کا تعلق تحریک آزادی کے مقتدر اور معتبر ناموں میں سے ایک ہے۔ جنہوں نے بیک وقت سیاست ،صحافت اور ادب کے ذریعے اپنا پیغام ناصرف برصغیر بلکہ دنیا بھر کے مسلمانوں تک پہنچایا۔ ظفرعلی خاں کا منفرد اعزاز اوربے پناہ مقبولیت کی ایک وجہ قومی اور ملی موضوعات پر منظوم اداریے تھے یہ بات انتہائی خوش آئند ہے کہ نوجوان صحافی اور طالب علم مولاناظفرعلی خاں کی کتب میں گہری دلچسپی لے رہے ہیں۔ انہوں نے یہ بات پنجاب یونیورسٹی ’’کتاب میلہ‘‘ کے دوران ظفرعلی خاں ٹرسٹ کے سٹال پر اپنے تاثرات بیان کرتے ہوئے کی۔مجاہد کامران نے کہا کہ میں ذاتی طور پر ان کی شخصیت اور کام سے بہت متاثر ہوں اور ایک طالب علم کی حیثیت سے تحریک پاکستان میں ان کی شاندار خدمات سے بخوبی واقفیت رکھتا ہوں۔میرے لیے یہ بات باعث اطمینان ہے کہ ٹرسٹ میں خالد محمود،مجیب الرحمن شامی اور راجہ اسدعلی خاں شب وروز مولانا کے ادبی، علمی، صحافتی اور سیاسی ورثے کو محفوظ کررہے ہیں۔ بلکہ اس سلسلے میں پروفیسر احمد سعید کی زیر نگرانی زمیندار کے اداریوں کو کتابی شکل دینے کے سلسلے میں جومنصوبہ جاری ہے وہ خصوصیت کے ساتھ قابل ستائش ہے۔ اس سے پہلے ٹرسٹ کے سیکرٹری راجہ اسدعلی خاں نے وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی ڈاکٹر مجاہد کامران کا خیرم مقدم کیا اور انہیں ٹرسٹ کے اشاعتی منصوبوں کے حوالے سے آگاہ کیا۔ آخر میں ڈاکٹر مجاہد کامران نے چیف لائبریرین پنجاب یونیورسٹی کو ہدایت کی کہ یونیورسٹی کی ہرلائبریری میں مولانا ظفرعلی خاں کی تمام کتابیں موجود ہونی چاہیں اور اس معاملے کوترجیحی بنیادوں پر عملی شکل دینے کے لیے ہدایت بھی کی۔