عوامی تحریک کا بلدیاتی انتخابات کیلئے ہم خیال جماعتو ں سے رابطو ں کا فیصلہ

عوامی تحریک کا بلدیاتی انتخابات کیلئے ہم خیال جماعتو ں سے رابطو ں کا فیصلہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 لاہور(نمائندہ خصوصی)پاکستان عوامی تحریک لاہور نے کنٹونمنٹ بورڈ کے بلدیاتی انتخابات میں ہم خیال سیاسی جماعتوں کی حمایت حاصل کرنے کیلئے مختلف سیاسی جماعتوں سے رابطوں کا فیصلہ کیا ہے ۔اس حوالے سے پاکستان عوامی تحریک لاہور کے صدر چودھری افضل گجر نے پارٹی عہدیداران پر مشتمل مشاورتی کمیٹی تشکیل دیدی ہے جو دیگر جماعتوں سے مذاکرات کرکے کینٹ اور والٹن میں پارٹی امیدواروں کیلئے حمایت حاصل کی جائیگی ۔ مشاورتی کمیٹی پاکستان عوامی تحریک پنجاب کے نائب صدر راجہ زاہد کی رہنمائی میں کام کرے گی ۔ چودھری افضل گجر نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نام نہاد ترقیاتی منصوبوں کے نام پر سرکاری خزانے کو بے دریغ لوٹا جا رہا ہے (ن) لیگ نے اپنے موجودہ دور حکومت میں جو کارکردگی دکھائی ہے عوام اس پر سخت سیخ پا ہیں ، بلدیاتی انتخابات میں عوام حکمرانوں کا بوریا بستر گول کر دیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کی طرف سے ہر رکن صوبائی اسمبلی کو 3کروڑ کی گرانٹ پری پول رگنگ ہے ،الیکشن کمیشن اس کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے فوری کارروائی کرے ۔انہوں نے کہا کہ حکومت کے وزراء اور مشیر ان کی طرف سے کینٹ کے علاقوں میں نا م نہاد ترقیاتی منصوبوں کے اعلانات بھی دھاندلی کے زمرے میں آتے ہیں جس پر کارروائی کا مطالبہ کرتے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ کنٹونمنٹ میں بلدیاتی انتخابات جماعتی بنیادوں پر کرانے کا خیر مقدم کرتے ہیں ملک میں انتخابی پارلیمانی نظام جماعتی بنیادوں پر چل رہا ہے ۔انہوں نے کہاکہ کنٹونمٹنٹ بلدیاتی انتخابات میں حصہ لینے والے حتمی امیدواروں کے ناموں کا اعلان بھی جلد کیا جائیگا۔