حرمین شریفین کے تحفظ کیلئے پارلیمنٹ سے مضبوط آواز بلند ہونی چاہیے،حافظ سعید

حرمین شریفین کے تحفظ کیلئے پارلیمنٹ سے مضبوط آواز بلند ہونی چاہیے،حافظ سعید

 لاہور( نمائندہ خصوصی) امیر جماعۃ الدعوۃ پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ حرمین شریفین کے تحفظ کیلئے پارلیمنٹ سے مضبوط آواز بلندہونی چاہیے، سعودی عرب نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے،پاکستان کو بھی برادر اسلامی ملک کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑ اہونا چاہیے،صرف عرب ممالک کی ہی نہیں تمام مسلم ممالک کی مشترکہ فوج بنائی جائے ۔ 9اپریل جمعرات کو اسلام آباد میں تحفظ حرمین شریفین کارواں ہو گا جس میں تمام مکاتب فکر اور شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد شریک ہوں گے۔کارواں میں شرکت کیلئے ملک بھر کی مذہبی و سیاسی جماعتوں کے قائدین کو دعوت دی جارہی ہے۔جماعۃالدعوۃ لاہور کے زیر اہتمام مرکز القادسیہ چوبرجی میں کارکنان کی تربیتی نشست سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ترکی کی جانب سے یمن پر پاکستانی پالیسی کی حمایت خوش آئند ہے۔سعودی عرب مسلمانوں کا روحانی اور پاکستان دفاعی مرکزہے۔سرزمین حرمین شریفین کا تحفظ ہمارے ایمان کا مسئلہ ہے۔ پاکستان مسلم ممالک کو ایک پلیٹ فارم پر متحد کرنے کیلئے کردار ادا کرے۔ انہوں نے کہاکہ حوثی باغیوں پر حملے شیعہ سنی مسئلہ نہیں ہے۔سب اسلامی ممالک کو حرمین کے تحفظ کیلئے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ عرب لیگ نے مشترکہ فوج بنانے کا اعلان کیاہے ہم سمجھتے ہیں کہ پورے عالم اسلام کی مشترکہ فوج بنانی چاہیے۔

اس وقت سعودی عرب اور یمن کے حالات دن بدن خراب ہورہے ہیں۔

مزید : علاقائی