تین دن گزر گئے ، جوڈیشل کمیشن کے قیام کیلئے سپریم کورٹ کو خط نہ لکھا جا سکا

تین دن گزر گئے ، جوڈیشل کمیشن کے قیام کیلئے سپریم کورٹ کو خط نہ لکھا جا سکا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


اسلام آباد(آن لائن ،اے این این) جوڈیشل کمیشن کیلئے آڑڈیننس کو 3دن گزر گئے، حکومت جوڈیشل کمیشن کیلئے سپریم کورٹ کو خط نہ لکھ سکی، سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں جوڈیشل کمیشن کے قیام کو چیلنج کر دیا گیا ۔ تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف سے معاہدے کے بعد جمعے کو وزیراعظم کی ایڈوائس پر صدر مملکت نے جوڈیشل کمیشن کے قیام کانوٹیفکیشن جاری کیا تاہم 3دن گزرنے کے باوجود حکومت جوڈیشل کمیشن کے قیام کیلئے سپریمکورٹ کو خط نہ لکھ سکی ، قانونی پیچیدگیوں پر غور جاری ہے ۔ آرڈیننس میں کہا گیا تھا کہ حکومت اگلے 72 گھنٹوں میں کمیشن بنانے کیلئے سپریم کورٹ کو خط لکھے گی لیکن ابھی تک اس حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں ہوسکا ۔ ذرائع نے یمن کی صورتحال پر پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کے باعث خط میں مزید تاخیر کا خدشہ بھی ظاہر کیا ہے ۔دوسری جانب انتخابی دھاندلی کی تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن کے قیام کو سپریم کورٹ رجسٹری لاہور میں چیلنج کر دیا گیا ۔ درخواست گزار بیرسٹر ظفر اللہ کی جانب سے سپریم کورٹ رجسٹری لاہور میں دائر کی جانیوالی آئینی پٹیشن میں موقف اختیار کیا گیا کہ انتخابی دھاندلی کے لیے آئین کے تحت انکوائری ٹربیونل بنا دئیے گئے جو انتخابات میں دھاندلی سے متعلق مختلف الیکشن پٹیشنز کی سماعت کر رہے ہیں ، جبکہ متعدد پٹیشنز پر فیصلے بھی سنا چکے ہیں ۔ اس موقع پر کسی کی خواہش پر دھاندلی کی تحقیقات کے لیے نیا جوڈیشل کمیشن نہیں بنایا جا سکتا ، جوڈیشل کمیشن کا قیام اور آرڈیننس آئین کے خلاف لہذا عدالت کالعدم قرار دینے کا حکم جاری کرے ۔

مزید :

علاقائی -