لاہورمیں نیشنل سٹریٹجک کانفرنس،3سوطلباء کی شرکت
لاہور(پ ر)مختلف یونیورسٹیوں کے طلباء نے لاہور میں چار روزہ نیشنل سٹریٹجک کانفرنس کا اہتمام کیا جس کا مقصد گفت و شنید اور باہمی رابطے کی نشستوں کے ذریعے قائدانہ صلاحیتوں کے حامل افراد تیارکرنا تھا۔ اس کانفرنس کے انعقاد میں پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ایک پراجیکٹ پلان 9 ٹیک اکیوبیٹرنے تعاون کیا جس میں پاکستان کی مختلف یونیورسٹیوں کے تین سو سے زائد طلباء نے شرکت کی، ان میں لمز ، آئی بی اے، نسٹ ، جی آئی کے آئی اور سی بی ایم بھی شامل ہیں۔ آئر لینڈ سے تعلق رکھنے والی اے آئی ای ایس ای سی کی ایک سابق رکن خاص طور پر اس کانفرنس کے لئے پاکستان آئیں۔آرگنائزنگ کمیٹی کے صدر نورقادرنے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ آئیسیک کا ہمیشہ یہ مقصد رہا ہے کہ انٹرنیوئیرشپ اورلیڈرشپ کے لئے کام کرے اورجب کبھی ہم کسی پارٹنرکے ساتھ مل کر کام کریں تو ہمیں ہمیشہ امید ہوتی ہے کہ ہم پاکستانی نوجوانوں کی قائدانہ صلاحیتوں کوبہتربنانے میں کرداراداکرسکتے ہیں۔پلان9ٹیک انکیوبیٹرکی اسسٹنٹ مینجر سارہ گیلانی نے کہا کہ پلان9کا مقصد انیٹرپرنیور شپ سپرٹ کو فروغ دینا ہے لہٰذا اس کے مقاصد آئیسیک سے مطابقت رکھتے ہیں۔