سعودی عرب فوج بھیجنے کا فیصلہ پارلیمنٹ کرے گی ،جنرل راحیل شریف
راولپنڈی (خصوصی رپورٹ) آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا ہے سعودی عرب فوج بھیجنے کا فیصلہ پالیمنٹ کرے گی پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں اس معاملے پر بحث ہو رہی ہے ، آپریشن ضرب عضب میں اسلحہ کی فراہمی میں پاکستان آرڈیننس فیکٹری کا کردار قابل تحسین ہے۔ جنرل راحیل شریف نے پاکستان آرڈیننس فیکٹری واہ کا دورہ کیا۔ چیئرمین پی او ایف نے آرمی چیف کو بریفنگ دی اور پی او ایف کے 2020 تک کے منصوبوں میں بتایا۔ جنرل راحیل شریف پی او ایف کی انتظامیہ اور ورکروں سے خطاب کرتے ہوئے آرڈیننس فیکٹری کو پاکستان کی دفاعی پیداوار کا پہلا ادارہ قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پی او ایف نے مسلح افواج کی مسلسل دفاعی ضروریات پوری کرنے میں گرانقدر کردار ادا کیا ہے۔ آرمی چیف نے دفاعی پیداوار کے شعبے میں مکمل خود انحصاری کے حصول کی ضرورت پر زور دیا ۔