ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر ویمن کی تعیناتی کیخلاف درخواست ،سیکرٹری ایجوکیشن کو جواب داخل کروانے کاآخری موقع

ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر ویمن کی تعیناتی کیخلاف درخواست ،سیکرٹری ...

 لاہور (نامہ نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر ویمن کی تعیناتی کے خلاف درخواست پر سیکرٹری ایجوکیشن کو جواب داخل کروانے کے لئے آخری موقع فراہم کرتے ہوئے درخواست کی سماعت 11مئی تک ملتوی کر دی۔مسٹر جسٹس فرخ عرفان خان نے غلام فرید کی درخواست پر سماعت کی، درخواست گزار کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر ویمن عزیزفاطمہ کو محکمانہ انکوائری میں گنہگار ٹھہرائے جانے کے باوجود عہدے پر کام کرنے دیا جا رہا ہے، انکوائری کمیٹی نے ڈی ڈی ای او کے خلاف رشوت لینے اور ایم اے اسلامیات اور ایم اے ایجوکیشن کی ڈگریوں کے مشکوک ہونے پر ہائیر ایجوکیشن کمیشن سے ڈگریوں کی تصدیق کرانے کی سفارشات دے چکی ہے تا ہم عزیز فاطمہ کو ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر ویمن کے عہدے پر تعینات کیا گیا ہے لہٰذا خاتون افسر کے خلاف انکوائری کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں کارروائی کرنے اور عہدے سے ہٹانے کا حکم دیا جائے، ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ سیکرٹری ایجوکیشن اور دیگر حکام کی جانب سے تا حال جواب نہیں آیا ،جواب داخل کروانے کے لئے مہلت دی جائے، عدالت نے استدعا منظور کر تے ہوئے سیکرٹری ایجوکیشن اور دیگر حکام کو 11مئی تک جواب داخل کرانے کا حکم دے دیا۔ آخری موقع

مزید : صفحہ آخر