2018ء کا الیکشن بھی نوازشریف کے وزیراعظم بننے کی نوید لیکر آئیگا،رانا شمیم احمد
لاہور (ارشد محمود گھمن) ہم تحریک انصاف کو پارلیمنٹ میں خوش آمدید کہتے ہیں ۔ تحریک انصاف نے محسوس کرلیا ہے کہ پارلیمنٹ ہی اصل فورم ہے۔ جہاں ایشوز کو اٹھانا چاہئے۔ امت مسلمہ کو بڑے مسئلے کا سامنا ہے۔ تحریک انصاف بھی قومی امور میں حصہ ڈالے۔ان خیالات کا اظہار رانا شمیم احمد چیئرمین سٹینڈنگ کمیٹی قومی اسمبلی امور داخلہ رکن قومی اسمبلی نے روزنامہ پاکستان سے ٹیلیفون پر گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے مزید کہا موجودہ اسمبلیاں انشاء اللہ مدت پوری کریں گی۔ ایک بار 2018ء کا الیکشن بھی میاں محمد نوازشریف کے وزیراعظم بننے کی نوید لے کر آئے گا۔ بہتر ہو گا عمران خان دن میں خواب دیکھنا چھوڑ دیں اور حقائق کا سامنا کرتے ہوئے عوام کے دیئے ہوئے مینڈیٹ کو مکمل طور پر تسلیم کریں۔ عمران خان میڈیا میں الزامات لگانے کی بجائے عدالتوں میں کوئی چیز ثابت بھی تو کریں۔ انہیں اسمبلیوں میں واپسی کی طرح دیگر امور پر بھی نظرثانی کرنی چاہئے۔جن حلقوں میں بھی چھان بین ہوئی ہے وہاں 2013ء کے عام انتخابات کے نتائج برقرار رہے ہیں۔ تحریک انصاف کی طرف سے دھاندلی کے الزامات میں کوئی صداقت نظر نہیں آتی۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ عمران خان ماضی سے سبق سیکھتے ہوئے بے بنیاد الزامات لگانے سے باز رہیں گے۔ مسلم لیگ (ن) کی حکومت مذہبی ہم آہنگی کے فروغ پر یقین رکھتی ہے اور اس مقصد کے حصول کے لئے تمام مذہبی اکائیو ں کو ساتھ لے کر چل رہے ہیں۔2017ء لوڈشیڈنگ کے خاتمے کا سال ہوگا اور لوڈ شیڈنگ کے خاتمے سے معیشت مضبوط ہوگی اور بے روزگاری کا خاتمہ ہوگا۔ رانا شمیم احمد