میڈیا مثبت کردار ادا کرے تو معاشرتی برائیوں میں کمی ہو سکتی ہے،چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ
لاہور (نامہ نگار خصوصی)چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ مسٹر جسٹس منظور احمد ملک نے کہا ہے کہ میڈیا عوام کی آنکھیں ہیں جن کے ذریعے لوگ عدلیہ سمیت تمام اداروں کی کارکردگی دیکھتے ہیں ۔وہ گزشتہ روز لاہور ہائی کورٹ کے رپورٹروں سے گفتگو کررہے تھے ۔اس موقع پر لاہور ہائی کورٹ کے ریفارمز جج مسٹر جسٹس سید منصور علی شاہ بھی موجود تھے ۔چیف جسٹس نے کہا کہ میڈیا کے چیک کے باعث لوگ غلط کام کرنے سے پہلے سوچتے ہیں ۔میڈیا مثبت کردار ادا کرے تو اس سے معاشرتی برائیوں میں کمی ہوسکتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ عام لوگوں کو بروقت انصاف فراہم کرنا ہماری اولین ترجیح ہے ۔کیس مینجمنٹ سسٹم کے نفاذکے بعد مقدمات نمٹانے کی رفتار میں اضافہ ہوا ہے ۔اب کوئی کیس بغیر سماعت کے ملتوی نہیں ہوتا ۔ہم نے تہیہ کیا ہے کہ 4جولائی تک لاہور ہائی کورٹ میں 2007سے پرانے تمام مقدمات نمٹا دیئے جائیں گے ۔انہوں نے عدلیہ میں اصلاحات کے حوالے سے مسٹر جسٹس سید منصور علی شاہ کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا ۔انہوں نے مزید کہا کہ عدالتوں میں ایسا ماحول پیدا کیا جارہا ہے جو انصاف کی فوری فراہمی میں معاون ثابت ہوگا اور اس سے کرپشن کے خاتمہ میں مدد ملے گی ۔چیف جسٹس نے کہا کہ ہم میڈیا کی مثبت تنقید کا خیر مقدم کرتے ہیں تاہم یہ توقع بھی رکھتے ہیں کہ میڈیاہماری اچھی باتوں سے بھی قوم کو آگاہ رکھے گا ۔ایک سوال کے جواب میں چیف جسٹس نے کہا کہ رات کو عدالتیں لگانے کی تجویز کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہے اس پر عمل درآمد کے لئے مشاورت جاری ہے ۔اس موقع پر سینئر صحافی اسد ساہی مرحوم کی روح کو ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی بھی کی گئی ۔ چیف جسٹس