شادی ہالوں میں ون ڈش کی پابندی نہ کرنے پر 21ملزمان گرفتار
لاہور(کر ائم سیل)ڈی آئی جی آپریشنزڈاکٹر حیدر اشرف کی ہدایت پر لاہور پولیس نے گزشتہ روز شادی ہالوں میں ون ڈش اور مقرر وقت کی پابندی نہ کرنے پر 21ملزمان کو گرفتار کر کے ان کے خلاف مقدمات درج کرلیے۔اس سلسلہ میں تمام ڈویژنل ایس پیز کو مراسلہ بھی لکھا گیاجس میں ہدایت کی گئی ہے کہ شہر کے تمام شادی ہالوں میں ون ڈش اور مقر ر وقت کی پابندی پر سختی سے عمل درآمد کرایا جائے اور ہوائی فائرنگ یاغیرقانونی سرگرمیو ں کی صورت میں فوری ایکشن کیا جائے ۔انہوں نے مزید کہا کہ تمام ڈویژنل ایس پیز اپنے علاقہ جات میں شادی ہال کے مینجرز اور مالکان حضرات کو بلاکر واضح پیغام دے دیں کہ ون ڈش اور مقررہ وقت کی پابندی نہ کرنے والے مالکان اور مینجرز کے خلاف بلا امتیاز قانونی کارروائی ہو گی۔