شام میں اغواءکیے گئے کرد شہری ایک روز کے بعد رہا

شام میں اغواءکیے گئے کرد شہری ایک روز کے بعد رہا
شام میں اغواءکیے گئے کرد شہری ایک روز کے بعد رہا

  

دمشق(آن لائن)شام میں القاعدہ سے وابستہ باغی جنگجو گروپ النصر محاذ نے شمال مغربی صوبے ادلب میں قریباً 300 کرد مردوں کو اغوا کے ایک روز بعد رہا کر دیا ۔یورپ میں کرد جمہوری پارٹی (پی وائی ڈی) کے ترجمان نواف خلیل نے برطانوی خبررساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا ہے کہ اسلامی جنگجو گروپ نے اغوا کیے گئے مردوں کو چھوڑ دیا ہے۔

برطانیہ میں قائم شامی آبزرویٹری برائے انسانی حقوق نے بھی ان کردوں کی رہائی کی اطلاع دی ہے تاہم اس کا کہنا ہے کہ قریباً دو سو افراد کو گذشتہ دو روز سے مختلف چیک پوائنٹس پر زیر حراست رکھا گیا تھا۔

قبل ازیں نواف خلیل اور کوبانی سے تعلق رکھنے والے ایک اور کرد عہدے دار ادریس نسان نے صحافیوں کو سوموار کو بتایا تھا کہ ان افراد کو اتوار کی رات اغوا کرلیا گیا تھا،اس وقت وہ کردوں کے زیر قبضہ قصبے عفرین سے شمالی شہر حلب اور دارالحکومت دمشق جانے کے لیے بسوں پر سفر کررہے تھے۔انھوں نے مزید بتایا کہ النصر محاذ کے جنگجو خواتین اور بچوں کو چھوڑ گئے تھے لیکن مردوں اور نوجوانوں کو اغوا کرکے ساتھ لے گئے تھے۔ادریس نسان کے بہ قول انھوں نے انھیں حلب سے بیس کلومیٹر مغرب میں واقع گاوں تقاد سے پکڑا تھا اور پھر انھیں صوبہ ادلب میں واقع قصبے الدانا منتقل کردیا تھا۔

مزید : بین الاقوامی