محمود خان اچکزئی نے سعودی ، ترک اور ایرانی حکام سے پارلیمان کو بریفنگ دلانے کامطالبہ کردیا

اسلام آباد (اے پی پی) پختونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے تجویز دی ہے کہ سعودی عرب، ایران اور ترکی کے اکابرین کو پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کی دعوت دی جائے جبکہ سپیکر قومی اسمبلی نے کہا ہے کہ صرف سربراہان مملکت کو ہی مشترکہ اجلاس سے خطاب کی دعوت دی جا سکتی ہے۔
پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں نکتہ اعتراض پر محمود خان اچکزئی نے کہا کہ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں اہم بحث جاری ہے، سعودی عرب، ایران اور ترکی کے اکابرین بھی یہاں آ رہے ہیں، ان کو پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کی دعوت دی جائے اور ان کا موقف جاننے کے بعد ہمیں کوئی فیصلہ کرنا چاہیے جس پر سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پارلیمنٹ میں صرف سربراہان مملکت کو ہی خطاب کی دعوت دی جا سکتی ہے البتہ وزیر دفاع کسی کمیٹی میں ان کو مدعو کر سکتے ہیں۔