دورہ بنگلہ دیش، انجری کے باعث صہیب مقصود سکواڈ سے آﺅٹ

دورہ بنگلہ دیش، انجری کے باعث صہیب مقصود سکواڈ سے آﺅٹ
دورہ بنگلہ دیش، انجری کے باعث صہیب مقصود سکواڈ سے آﺅٹ

  

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم کے مڈل آرڈر بلے باز صہیب مقصود بائیں ہاتھ میں فریکچر کے باعث بنگلہ دیش کے خلاف ایک روزہ میچوں کی سیریز سے باہر ہو گئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) نے صہیب کے سیریز سے باہر ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ قذافی سٹیڈیم میں قومی ٹیم کے تربیتی کیمپ میں صہیب کے ہاتھ میں تکلیف ہوئی جس کے بعد ان کا طبی معائنہ کیا گیا اور اس دوران بائیں ہاتھ میں فریکچر کی نشاندہی ہو گئی۔ پی سی بی کے مطابق صہیب مقصود مکمل صحت یابی تک وہ قومی ٹیم کا حصہ نہیں ہوں گے اور ان کی جگہ سعد نسیم کو ون ڈے سیریز میں شامل کر لیا گیا ہے۔

چیف سلیکٹر ہارون رشید نے چیئرمین پی سی بی شہریار خان سے مشاورت کے بعد سعد نسیم کو ون ڈے ٹیم میں شامل کیا ہے جبکہ وہ پہلے ہی بنگلہ دیش کے خلاف واحد ٹی20 میچ کھیلنے کیلئے منتخب ہو چکے ہیں۔ واضح رہے کہ تین ایک روزہ، ایک ٹی 20 اور 2 ٹیسٹ میچز پر مشتمل دورے کا آغاز 17 اپریل سے ہو گا۔

مزید : کھیل