وزیردفاع پورس کے ہاتھی ثابت ہوئے ، اصل مسئلہ جوڈیشل کمیشن ہے: شاہ محمود، حکومت جوتوں میں دال بانٹ رہی ہے: شیخ رشید

وزیردفاع پورس کے ہاتھی ثابت ہوئے ، اصل مسئلہ جوڈیشل کمیشن ہے: شاہ محمود، ...
وزیردفاع پورس کے ہاتھی ثابت ہوئے ، اصل مسئلہ جوڈیشل کمیشن ہے: شاہ محمود، حکومت جوتوں میں دال بانٹ رہی ہے: شیخ رشید

  

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمودقریشی نے کہاہے کہ ایوان میں وزیر دفاع نے کمال یکجہتی کا مظاہرہ کیا، وہ پورس کے ہاتھی ثابت ہوئے جواپنی ہی صفوں کو روند دیتے ہیں ، جورویہ اختیار کیا وہ ان کے شایان شان نہیں تھا، تحریک انصاف اس رویہ کی مذمت کرتی ہے اور اگر چاہتے توجواب دے سکتے تھے لیکن اپناموقف پارلیمانی انداز میں پیش کرناچاہتے ہیں، جوڈیشل کمیشن کے قیام پر وزیر دفاع بوکھلاہٹ کا شکار ہیں ،شیخ رشید کاکہناتھاکہ یمن صورتحال پر حکومت جوتوں میں دال بانٹ رہی ہے ۔

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رید احمد کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کاکہناتھاکہ خواجہ آصف جوڈیشل کمیشن کے قیام پر برہم ہیں جو ڈیشل کمیشن کے قیام پر ن لیگ میں دو آرائیں تھیں ، کچھ حلقوں کا کہنا تھا کہ جوڈیشل کمیشن نہ بنایا جائے لیکن اسحاق ڈار کا دھڑا مذاکرات کے ذریعے معاملات کا حل کرناچاہتا تھا، جوڈیشل کمیشن کے قیام پر خواجہ آصف کو اپنے حلقہ کا خطرہ محسوس ہو رہا ہے ،پی ٹی آئی نے جن چار حلقوں میں دھاندلی کی تحقیقات کا مطالبہ کیا تھا ان حلقوں میں خواجہ آصف کا حلقہ بھی زیر بحث ہے ۔ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ایوان میں غیر پارلیمانی انداز میں گفتگو کی گئی ، ایسی زبان ہم بھی استعمال کر سکتے ہیں اور جواب دینے کیلئے منہ میں زبان بھی ہے، سنجیدہ ارکان سمجھتے ہیں کہ تحریک انصاف کی اسمبلیوں میں واپسی سے جمہوریت مضبوط ہوئی ہے ۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اہم ایشو یمن کا مسئلہ ہے لیکن وزیر دفاع نے یمن کے مسئلہ پر بات کرنے کی بجائے سیاسی پوائنٹ سکورنگ پر زور دیا ،وزیراعظم بھی ایوان میں موجود تھے اور خواجہ آصف کا رویہ پوری قوم نے دیکھا، وہ شایداِسے اپنی سیاسی کامیابی سمجھتے ہیں لیکن قوم نے لب ولہجے کو پسند نہیں کیا، یمن کے مسئلہ پر تحریک انصاف کی پوزیشن واضح ہے اور پارلیمانی انداز میں اپنا موقف پیش کریں گے ۔

اس موقع پر شیخ رشید کاکہناتھاکہ یمن فوج بھیجنے یا نہ بھیجنے کا فیصلہ جنرل راحیل شریف اور کورکمانڈرز نے کرناہے ، حکومت ویسے ہی رسم پوری کرنے کے لیے جوتوں میں دال بانٹ رہی ہے ۔

مزید : اسلام آباد /اہم خبریں