کراچی ،صنعتوں کو پانی کی فراہمی میں کمی، وزیراعظم سے مدد مانگ لی گئی

کراچی ،صنعتوں کو پانی کی فراہمی میں کمی، وزیراعظم سے مدد مانگ لی گئی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

کراچی(اکنامک رپورٹر)آل پاکستان ٹیکسٹائل پروسیسنگ ملز ایسوسی ایشن کے بانی چیئرمین عبدالشکور کھتری نے سائٹ سمیت کراچی صنعتی زونز میں قائم ٹیکسٹائل ودیگر صنعتوں کو پانی کی فراہمی میں مسلسل کمی پر گہری تشویش کا اظہارکرتے ہوئے برآمدی صنعتوں کی پیداواری سرگرمیاں بری طرح متاثر ہونے اور برآمدی آرڈرز منسوخ ہونے کے خدشات ظاہر کیے ہیں۔انہوں نے وزیراعظم محمد نوازشریف کی توجہ کراچی کی صنعتکار برادری کے مسائل کی جانب مبذول کرواتے ہوئے کہا کہ پانی ٹیکسٹائل سمیت دیگر برآمدی صنعتوں کے لیے بنیادی خام مال ہے جس کی مسلسل عدم فراہمی کی وجہ سے پیداواری سرگرمیاں ماند ہوکررہ گئی ہیں جبکہ پیداواری لاگت میں بھی ناقابل برداشت حد تک اضافہ ہو گیاہے۔عبدالشکور کھتری نے کہاکہ برآمدی صنعتوں کی پیداواری سرگرمیاں رکاوٹ کا شکار ہونے سے برآمدی آرڈز کی تکمیل میں بھی تاخیر ہو رہی ہے جبکہ شپمنٹ میں تاخیر کی وجہ سے برآمدی آرڈرز منسوخ ہونے کا خطرہ بھی بڑھ گیاہے جس سے ملکی برآمدات پر منفی اثرات مرتب ہونے کے ساتھ ساتھ دنیا بھر کے خریداروں کے سامنے پاکستانی برآمد کنندگان کی ساکھ بھی خراب ہوگی۔انہوں نے وزیراعظم سے صنعتوں کو طلب کے مطابق پانی کی عدم فراہمی کا سنجیدگی سے نوٹس لینے کی درخواست کرتے ہوئے گزارش کی کہ وہ کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کو صنعتوں کو طلب کے مطابق بلارکاوٹ پانی کی مسلسل فراہمی کی ہدایت کریں تاکہ پیداواری سرگرمیاں مکمل طور پر بحال ہوسکیں اور برآمدی آرڈرز کی بروقت تکمیل سے ملک کو خطیر زرمبادلہ حاصل ہوسکے۔

مزید :

کامرس -