امراض سینہ پر 12ویں عالمی چیسٹ کون کانفرنس کا میلہ آج سجے گا

امراض سینہ پر 12ویں عالمی چیسٹ کون کانفرنس کا میلہ آج سجے گا

لاہور( جنرل رپورٹر) امراض سینہ پر 12 ویں عالمی چیسٹ کون کانفرنس کا ’’ میلہ‘‘ آج لاہور میں سجے گا۔ تین روزہ عالمی کانفرنس میں دنیا کے ترقی یافتہ 25 ممالک کے ماہرین امراض سینہ گزشتہ روز لاہور پہنچ گئے ہیں۔ کانفرنس میں 3 ہزار ملکی و غیر ملکی ماہرین صحت شرکت کر رہے ہیں۔ کانفرنس کا اہتمام پاکستان چیسٹ سوسائٹی کے صدر ملک کے ممتاز ماہر سینہ اور سروسز ہسپتال اور سمز کے شعبہ پلمونالوجی کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر کامران خالد چیمہ نے کیا ہے۔ کانفرنس کا باقاعدہ افتتاح آج شام 7 بجے پی سی ہوٹل میں گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ کریں گے جو مہمان خصوصی ہوں گے۔ گزشتہ روز امریکہ ، سعودی عرب ، انگلینڈ، فرانس، اٹلی ، جرمنی، اسٹریلیا، بھارت سمیت 25 ممالک سے ڈاکٹروں کے وفود کی لاہور آمد کاسلسلہ دن بھر جاری رہا جنہیں لاہور ایئر پورٹ پر پروفیسر کامران چیمہ نے خود خوش آمدید کہا۔ اس سال ہونے والی چیسٹ کون عالمی کانفرنس کے اعلیٰ انتظامات کیے گئے ہیں۔ مشیر صحت ، سیکرٹری صحت، ڈی جی ہیلتھ کے علاوہ تمام میڈیکل کالجز و ہسپتالوں سے ماہرین صحت شرکت کررہے ہیں۔ اس حوالے سے کانفرنس کے چیئرمین اور پاکستان چیسٹ سوسائٹی کے صدر پروفیسر کامران خالد چیمہ نے کہا کہ کانفرنس امراض سینہ سانس ، دمہ ، ٹی بی سمیت دیگر متعلقہ امراض کے بارے میں آگاہی کا بڑا ذریعہ ثابت ہو گی۔ کانفرنس کے تینوں روز مختلف سیشن ہوں گے ۔ ان امراض کے حوالے سے جدید علوم سے جونیئر ڈاکٹروں کو روشناس کرایا جائے گا اور سینئر کے امراض پر ہونے والی عالمی تحقیق پر بھی مقالہ جات پڑے جائیں گے۔

مزید : میٹروپولیٹن 1


loading...