حج کی ادائیگی کے دوران کسی قسم کا رخنہ ڈالنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی، سعودی عرب
ریاض (اے پی پی) سعودی عرب کے ولی عہد ، نائب وزیراعظم اور وزیر داخلہ شہزاد محمد بن نائف نے خبردار کیا ہے کہ حج کی ادائیگی کے دوران کسی قسم کا رخنہ ڈالنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ سعودی اخبار کی رپورٹ کے مطابق یہ بات انہوں نے سپریم حج کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں آنے والے حج کیلئے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ سعودی فرمانروا اور خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی توقعات اور حرمین الشریفین کے تقدس کے مطابق تمام تر انتظامات کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حج کی ادائیگی کے دوران کسی قسم کا رخنہ ڈالنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
اجلاس میں گزشتہ حج کی جائزہ رپورٹ کے چیدہ چیدہ نکات پر روشنی ڈالی گئی۔ ذرائع کے مطابق اجلاس کی سفارشات سعودی فرمانروا کو بھیجی جارہی ہیں۔
