امریکہ نے پاکستان کیلئے خصوصی دوربینوں کی تیاری کا آرڈر دیدیا

امریکہ نے پاکستان کیلئے خصوصی دوربینوں کی تیاری کا آرڈر دیدیا

واشنگٹن (اظہر زمان، بیورو چیف) امریکی وزارت دفاع نے ایک امریکی مینو فیکچرنگ کمپنی رے تھیون (Raytheon) کو پاکستان کیلئے خصوصی دوربینیں تیار کرنے کا کنٹریکٹ دیا ہے جس پر ایک کروڑ 70 لاکھ ڈالر لاگت آئے گی۔ تھرمل ویپن سائٹس کہلانے والی یہ دوربینیں موجودہ سال کی پاکستان کی فوجی گرانٹ میں شامل ہیں۔ 17 کروڑ ڈالر کی کل گرانٹ جو موجودہ مالی سال میں مختص کی گئی ہے اس کے تحت امریکہ پہلے ہی آٹھ ایف 16 طیارے اور 9 وائپر جنگی ہیلی کاپٹر تیار کرنے کا آرڈر دے چکا ہے۔ پینٹا گون ذرائع نے روزنامہ ’’پاکستان‘‘ کو بتایا ہے کہ یہ سب فوجی سامان ستمبر 2016ء کو ختم ہونے والے مالی سال میں پاکستان کو دی جانے والی فوجی گرانٹ کے تحت دیا جا رہا ہے۔ اکتوبر سے شروع ہونے والے آئندہ مالی سال کا بجٹ منظور ہونے کے بعد پاکستان کو مزید فوجی سامان فراہم کیا جائے گا جن میں مزید ہیلی کاپٹر شامل ہوسکتے ہیں۔ مینو فیکچرنگ کمپنی کو اگرچہ مزید ہیلی کاپٹرز کا آرڈر نہیں دیا گیا لیکن اسے آرڈر میں اضافے کے بارے میں الرٹ کردیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق پاکستان کو اعلیٰ ٹیکنالوجی کی جو خصوصی دوربینیں فراہم کی جائیں گی وہ دھند، گرد اور اندھیرے میں طویل فاصلے پر موجود اپنے اہداف کو تلاش کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔ پینٹا گون ذرائع نے بتایا ہے کہ ٹیکساس کی ریاست میں میکینی کے مقام پر بننے والے یہ آلات کنٹریکٹ کے مطابق آئندہ سال اکتوبر میں ڈلیوری کیلئے تیار ہوں گے۔

مزید : صفحہ اول


loading...