دہشت گردی کے ناسور کے خاتمے کیلئے پوری قوم کو متحد ہو کر جنگ لڑنا ہو گی،رانا مشہود

دہشت گردی کے ناسور کے خاتمے کیلئے پوری قوم کو متحد ہو کر جنگ لڑنا ہو گی،رانا ...

لاہور( خبرنگار) صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود احمد خاں نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے ناسور کے خاتمے کے لئے پوری قوم کو متحد ہو کر جنگ لڑنا ہو گی۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار الحمرا ہال نمبر2 میں مون لائٹ سکول نسبت روڈ لاہور کی سالانہ تقسیم انعامات کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کے ساتھ معصوم شہریوں عورتوں اور بچوں کو نشانہ بنانے اور بزدلوں کا ساتھ دینے والے بھی عبرتناک انجام کے مستحق ہیں اور انہیں کوئی بھی رعایت نہیں دی جا سکتی۔ ہم دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو ختم کر کے دم لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری بہادر افواج نے بے جگری سے لڑتے ہوئے ظالم درندوں کو مار بھگایا ہے۔

آپریشن ضرب عضب نے دہشت گردوں کی کمر توڑ دی ہے۔ انشاء اللہ عوام کی قوت اور باہمی اتحاد سے دہشت گردوں کے خلاف جنگ میں ہر صورت سرخرو ہوں گے۔اس موقع پر صوبائی وزیر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن میاں مجتبیٰ شجاع الرحمن نے کہا ہے کہ صوبے کے جوہر قابل کی حقیقی حوصلہ افزائی کا اعزاز خادم اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کی زیر قیادت موجودہ حکومت کو حاصل ہوا ہے۔ امتحانات اور تقریری مقابلہ جات میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طالب علموں کو لاکھوں روپے کے بھاری انعامات کی ادائیگی، ہونہار طلباء و طالبات کی صلاحیتوں کا عملی اعتراف ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعیمی شعبے کو تری دئیے بغیر ملک نہ تو خوشحال اور ترقی کی راہ پر گامزن کیا جاسکتا ہے اور نہ ہی ترقی یافتہ اقوام کا مقابلہ کیا جا سکتا ہے اور نہ ہی اس کے بغیر معاشرے میں انصاف کا بول بالا ممکن ہے۔ تعلیم معاشرے میں شعور پیدا کرنے اور تحقیق کو فروغ دینے میں مرکزی حیثیت ہے۔ اس لئے صوبے میں فروغ تعلیم ہماری اولین ترجیح ہے۔ جس کے لئے حکومت پنجاب تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ تین سالوں میں لوڈشیڈنگ بالکل ختم کر دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ مون لائٹ سکول سسٹم تعلیم میدان میں ایک منفرد پہچان رکھتا ہے یہاں سے تعلیم حاصل کرنے والے طلباء و طالبات مختلف شعبہ ہائے زندگی میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں جس پر انہیں بے حد فخر ہے۔ مون لائٹ سکول سسٹم کے چیئرمین ادیب جاودانی نے کہا کہ نجی تعلیمی ادارے شرح تعلیم بڑھانے میں خاطر خواہ کردار ادا کر رہے ہیں لیکن حکومت نجی تعلیمی اداروں کے مسائل کے حل میں سنجیدہ نہیں ہے۔ یہ مسلمہ حقیقت ہے کہ قومیں تعلیم کے زیور سے آراستہ ہو کر ہی ترقی کے منازل طے کرتی ہیں۔ حکمرانوں کی پالیسیوں کا تسلسل جاری رکھتے ہوئے تعلیم کا استحصال کیا جا رہا ہے اور ملک و قوم کی فلاح وبہبود کے لئے عملی اقدامات کرنے کی بجائے صرف بلند و بانگ دعوے کیے جا رہے ہیں۔

مزید : میٹروپولیٹن 4


loading...