فلاح انسانیت فاؤنڈیشن اسلام آباد کی ٹیم آج خیبر پختونخواہ کے سیلاب متاثرہ علاقوں کو روانہ کی جائیگی
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر )جماعۃ الدعوۃ کے رفاعی ادارے فلاح انسانیت فاؤنڈیشن اسلام آباد کی ٹیم آج خیبر پختونخواہ کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں آج روانہ کر دی جائے گی ، ٹیم میں ڈاکٹرز ، پیرامیڈیکل سٹاف اور لاکھوں روپے مالیت کی ادویات، گرم کمبل، بچوں کے لیے کھانے پینے کی اشیاء ، نقد رقوم اور دیگر امدادی سامان کے ہمراہ شانگلہ کے متاثرہ علاقوں میں اپنی خدمات سرانجام دے گی ۔ شانگلہ جانے والی ٹیم کی سربراہی فلاح انسانیت فاؤنڈیشن کے محمد عرفان کریں گے ۔ امدادی ٹیم میں شامل ڈاکٹرزاور پیرا میڈیکل سٹاف شانگلہ کے سیلاب متاثرہ علاقوں میں جاکر میڈیکل کیمپنگ کریں گے اور متاثرین کو طبی امداد فراہم کی جائے گی۔ جماعۃ الدعوۃ اسلام آباد کے مسؤل شفیق الرحمن نے حالیہ بارشوں سے کے پی کے اور گلگت بلتستان میں ہونے والی جانی و مالی نقصان پر افسوس اور رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مصیبت کی اس گھڑی میں ہم ہر طرح سے متاثرین کے ساتھ ہیں۔انہوں نے کہا کہ جماعۃ الدعوۃ نے میڈیکل کیمپنگ اورمتاثرین میں پکا پکایا کھانا تقسیم کرنے کے علاوہ دیگر امدادی سرگرمیوں کا آغاز کر دیا ہے انہوں نے کہا کہ یہ اسلام آباد سے جانے والی پہلی ٹیم ہو گی جس کے بعد وہاں حالات کا جائزہ لینے کے بعد مزید ٹیمیں اور امدادی سامان بھی جلد روانہ کیا جائے گا۔شفیق الرحمن کا کہنا تھا ہم متاثرین کے لیے دعا گو ہیں کہ اللہ تعالیٰ ان کی مشکل کو آسان کرے اور وہ جلد اپنی معمول کی زندگی بسر کریں۔ اس ساتھ ساتھ انہوں نے اُن مخیر حضرات سے مزید امدادی سامان کے لیے بھی اپیل کی ۔
