شہریوں کو پانی کی فراہمی کیلئے کوشاں ہیں ،جام خان شورو

شہریوں کو پانی کی فراہمی کیلئے کوشاں ہیں ،جام خان شورو

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) سندھ کے وزیر بلدیات جام خان شورو نے کہا ہے کہ موسم گرما میں شہر کراچی کو ضرورت کے مطابق پانی فراہم کرنے کے لیے حکومت سندھ کوشاں ہے ۔ 165 ایم جی ڈی کے دو منصوبوں پر اسی ماہ کام شروع ہو جائے گا ۔ انہوں نے یہ بات بدھ کو سندھ اسمبلی میں پاکستان تحریک انصاف کے رکن خرم شیر زمان کی تحریک استحقاق پر بیان دیتے ہوئے کہی ۔ خرم شیر زمان نے اپنی تحریک استحقاق میں کہا کہ سندھ اسمبلی نے 16 فروری 2016 کو ایک قرار داد منظور کی تھی ، جس میں مطالبہ کیا گیا تھا کہ کراچی کی 165 ایم جی ڈی کے دو منصوبوں پر کام شروع کیا جائے ۔ وزیر بلدیات نے کہا کہ 100 ایم جی ڈی کے منصوبوں کے ٹینڈر 21 اپریل کو کھولے جائیں گے جبکہ 65 ایم جی ڈی کے منصوبے کے کنسلٹنٹ کا تقرر 29 اپریل کو ہو گا ۔ اس کے بعد دونوں منصوبوں پر کام شروع ہو جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ پانی کا منصوبہ ’’ کے ۔ 4 ‘‘ ایف ڈبلیو او کے حوالے کردیا گیا ہے ۔ یہ منصوبہ دو سال میں مکمل ہو جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ دھابیجی پمپنگ اسٹیشن کی پرانی مشینری کی مرمت کے لیے وزیر اعلیٰ سندھ نے 20 کروڑ روپے جاری کر دیئے ہیں ۔ دھابیجی پمپنگ اسٹیشن کی بحالی کی اسکیم بھی منظور ہو چکی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں پانی کی تقسیم کو میں روزانہ کی بنیاد پر خود مانیٹر کرتا ہوں ۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر


loading...