اسٹیٹ لائف اور ینگ فورڈ رہوڈز کے درمیان معاہدہ
کراچی(اکنامک رپورٹر) اسٹیٹ لائف انشورنس کارپوریشن آف پاکستان اورمیسرز ارنسٹ اینڈ ینگ فورڈ رہوڈز سیدات حیدر کے مابین’’ کی ریزلٹ ایریاز‘‘(KRAs) اور ’’کی پرفارمنس انڈیکیٹرز ‘‘(KPIs) کی ڈیولپمنٹ کے لیے ایک معاہدہ ہوا۔معاہدے پر دستخط کی اس تقریب میں، جمیل انور، ایگزیکٹو ڈائریکٹر(H.R.D.D)، اذکار خان،ایگزیکٹو ڈائریکٹر(F&A) اورڈویژنل ہیڈز اورکارپوریشن کے نمایاں افسران شریک تھے۔، میسرز ارنسٹ اینڈ ینگ فورڈ رہوڈز سیدات حیدر کے سی ای او/مینیجنگ پارٹنر سلیم چنائے بھی اپنی ٹیم کے ہمراہ تقریب میں موجود تھے۔ جمیل انور، ایگزیکٹو ڈائریکٹر(H.R.D.D) اسٹیٹ لائف نے اس موقع پر حاضرین سے خطاب سے کرتے ہوئے کارکردگی کی پیمائش کے مناسب نظام کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور کی پرفارمنس ایڈیکیٹرز( KPIs)کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ یہ متعین اقدامات کا ایسا مجموعہ ہے جس کی مدد سے اسٹریٹجک اورآپریشنل مقاصدکا جائزہ یا اس حوالے سے کارکردگی کا موازنہ کیا جاتا ہے۔ ایسے نئے اور جدید طریقوں کو اختیار کرنے کا مقصد گورننس، کسٹمر سروس اوراسٹیٹ لائف کی مجموعی کارکردگی میں بہتری لاناہے جس سے مقابلے کی موجودہ فضا میں ہمیں نمایاں مقام حاصل ہوگا۔اس کا بنیادی مقصد کارکردگی کے درمیان آنے والے خلا اورخامیوں کی نشاندہی اوراسے پُر کرنے کے لیے ایسی پالیسی گائیڈ لائنز فراہم کرنا ہے جو اس طریقہ کار اورمشق کے لیے کامیابی کی کنجی ثابت ہوں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ KRAsاورKPIsکی ڈیولپمنٹ سے ملازمین کی کارکردگی اورنتائج کے حصول میں بہتری کے ذریعے کارپوریشن کو دور رس اورطویل المیعاد فوائد حاصل ہوں گے۔میسرز ارنسٹ اینڈ ینگ فورڈ رہوڈز سیدات حیدر کے سی ای او/مینیجنگ پارٹنر سلیم چنائے نے حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے KPIs کی نمایاں خصوصیات اور پاکستان کی سب سے بڑی پبلک سیکٹر انٹرپرائز اسٹیٹ لائف میں اس کی تیاری اور نفاذ کی تکنیک کے بارے میں تفصیل سے بتایا۔ انہوں نے اسٹیٹ لائف کی موجودہ کارکردگی اور بیم�ۂ زندگی کے شعبے میں اس کے مسابقتی مقام پر اطمینان کا اظہار کیا ۔ اس تقریب کا اختتام دونوں اداروں کے درمیان باہمی ہم آہنگی اور تعاون کے ساتھ معاہدے پر دستخط کے ساتھ ہوا۔
