لوڈ شیڈنگ ختم، سستی بجلی کی پیداوار کے وعدے ضرور پورے کریں گے: عابد شیر علی
ملتان (وقائع نگار) وزیر مملکت برائے پانی وبجلی عابد شیر علی نے کہا ہے کہ رواں سال میں بجلی کی پیداوار 18000میگاواٹ تک لے جائیں گے ۔گرمیوں میں بجلی کی کم سے کم لوڈشیڈنگ کرنے کی کوشش کی جائے گی ۔مارچ2018 ء تک بجلی کی لوڈشیڈنگ ختم ہوجائے گی جبکہ ٹرانسمیشن لائن کی استعداد(بقیہ نمبر64صفحہ12پر )
میں اضافے اور سستی بجلی کی پیداوار کے وعدے ضرور پورے کریں گے ۔ وہ ملتان میں میڈیاسے گفتگو کررہے تھے ان کے ہمراہ چیف ایگزیکٹو آفیسر میپکو انجینئر فضل اللہ درانی، کوآرڈی نیٹر مسلم لیگ (ن) چوہدری جاوید نیاز، جنرل منیجرپیپکومحمد سلیم اور سی ای او پی آئی ٹی سی توقیر حسن بخاری بھی تھے۔وزیر مملکت نے کہا کہ جب ہم اقتدار میں آئے تو بجلی کی کل پیداوار 14500میگاواٹ تھی گزشتہ سال ہم نے ریکارڈ پیداوار 16900میگاواٹ کی تھی اس سال نئے منصوبے مکمل کرتے ہوئے پیداوارکو 18000میگاواٹ تک لے جائیں گے ۔بجلی کی پیداوار کے درجنوں منصوبے زیر تکمیل ہیں ، چشمہ، گدو، نندی پور، ونڈ پاور ، سولر انرجی سے بجلی سسٹم میں شامل ہوجائے گی ۔گیس کے منصوبوں سے3600میگاواٹ بجلی سسٹم میں آئے گی۔ساہیوال کول پراجیکٹ 620میگاواٹ بجلی دے گا۔کول کے پراجیکٹ دنیابھر میں 40ماہ میں مکمل کئے جاتے ہیں یہ منصوبہ 28ماہ کی ریکارڈ مدت میں مکمل ہوگا۔انہوں نے کہا کہ تربیلا توسیعی(4)سے ہائیڈل بجلی کی پیداوار میں اضافہ ہوگا جبکہ نئے تھرمل پاورہاؤسز بھی لگائے جارہے ہیں جن میں پیراں غائب 225میگاواٹ، نواب شاہ، شیخوپورہ، فیصل آباد اور سکھرشامل ہیں جن سے ایک ہزار میگاواٹ بجلی حاصل ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت تمام معاہدے اور منصوبے میرٹ اور شفافیت کو برقراررکھتے ہوئے مکمل کررہی ہے ۔ ترسیلی و تقسیمی نظام میں رکاوٹیں دورکررہے ہیں اور اس کی استعداد بڑھانے کے منصوبے تیزی سے مکمل کررہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ میپکو نے گزشتہ 16ماہ میں 2390مختلف منصوبے مکمل کئے ہیں جن پر 7ارب 35کروڑروپے لاگت آئی ہے ان میں 5نئے گرڈاسٹیشنز قائم کئے گئے ہیں ،6گرڈاسٹیشنز کی کنورسیشن ، 12گرڈاسٹیشنز کی ایکسٹینشنز اور30کی آگمینٹیشن کی گئی ہے ۔145کلومیٹر نئی ٹرانسمیشن لائن بچھائی گئی ہے جبکہ ہائی ٹینشن پروپوزلز کے 99اور لوٹینشن پروپوزلز کے 540منصوبے مکمل کئے گئے ہیں ۔1684ڈسٹری بیوشن ٹرانسفارمرز کی اپ گریڈیشن کی گئی ہے ۔ میپکو نے موسم گرما میں جلنے یا خراب ہونے والے ٹرانسفارمرز کی فوری تبدیلی کے لئے 7500نئے ٹرانسفارمرز کا بندوبست بھی کرلیاہے ۔رواں ماہ میں بھی ٹوفیز پر چلنے والے ٹرانسفارمرز کو تبدیل کرنے کے لئے 900ٹرانسفارمرز جاری کئے گئے ہیں ،انہوں نے کہا کہ میپکو نے صارفین کے 2لاکھ16ہزار خراب اور جلے ہوئے میٹرز تبدیل کئے ہے اور 2لاکھ6ہزار نئے کنکشنز بھی فراہم کئے ہیں ۔وزیر مملکت نے کہا کہ رمضان المبارک میں بجلی کی کم سے کم لوڈشیڈنگ اور سحر و افطار میں بلاتعطل بجلی کی فراہمی کی ہرممکن کوشش کی جائے گی ۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پانامہ لیکس کے الزامات پر وزیر اعظم محمد نوازشریف کی جانب سے احتساب کے لئے خودکوپیش کرنا قابل تحسین ہے ۔
عابد شیر علی
