مستقبل میں صحت کی سہولیات تمام افراد کو یکساں طور پر میسر ہو گی: صدر ممنون حسین

مستقبل میں صحت کی سہولیات تمام افراد کو یکساں طور پر میسر ہو گی: صدر ممنون ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ حکومت عوام کو صحت کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ اس سلسلے میں ہیلتھ کارڈ اسکیم کا اجرا کیا جا چکا ہے ۔صدر مملکت نے کہا کہ صحت کے شعبے میں مزید اچھی تبدیلیاں لائی جائیں گی اور مستقبل میں صحت کی سہولیات تمام افراد کو یکساں طور پر میسر ہو گی۔یہ بات صدر مملکت ممنون حسین نے الشفا ٹرسٹ آئی ہسپتال کی سلور جوبلی کی تقریب میں پاکستان کے پہلے چلڈرن آئی ہسپتال کا افتتاح کرتے ہوئے کہی۔صدر مملکت ممنون حسین نے کہا کہ چلڈرن آئی ہسپتال کا قیام ایک اہم پیش رفت ہے جس سے خطے کے دیگر ممالک بھی فائدہ اٹھا سکیں گے۔ اس ہسپتال کے قیام سے نوازئدہ بچوں میں نابیناپن پر ابتدامیں ہی قابوپانے میں مدد ملے گی۔صدر مملکت نے کہاکہ الشفا ٹرسٹ گزشتہ سالوں سے بہت سے لوگوں کی زندگی میں روشنی لا چکا ہے اور یہاں پر فیصد لوگوں کا مفت علاج کیا جانا احسن اقدام ہے۔صدممنون حسین نے کہا کہ وسائل کی کمی کی وجہ سے دور افتادہ علاقوں میں بسنے والے لوگ صحت کی سہولیات سے محروم رہتے ہیں اس سلسلے میں سول سوسائٹی حکومت کا ساتھ دے تاکہ صحت کی مسائل حل ہو سکے۔صدر مملکت نے کہا کہ بدعنوانی اور کرپشن نے ملک کی بنیاد یں ہلا کر رکھ دیں اور ہم خوشحالی اور ترقی کے راستے سے بھٹک گئے۔ انھوں نے زور دیا کہ کرپشن کے خلاف جہاد کرنے کی ضرورت ہے اور بدعنوان عناصر کا سماجی سطح پربائیکاٹ کیا جانا چائیے۔ صدر مملکت نے کہا کہ صرف محنت اور دیانتداری سے ہی قائد اعظم اور علامہ اقبال کے افکار کے مطابق ترقی کی جا سکتی ہے۔صدر مملکت نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری نہایت اہم منصوبہ ہے جس سے پاکستان خطے کا اہم ترین ملک بن جائے گا۔ اس منصوبے کی تکمیل کے لیے عوام حکومت اور افواجِ پاکستان کا ساتھ دیں۔ انھوں نے کہا کہ توانائی کے منصوبوں پر کام جاری ہے جس کے ذریعے توانائی بحران پر قا بوپالیا جائے گا۔صدر مملکت نے کہا کہ حکومت دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پر عزم ہے اور آپریشن ضرب عضب آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جاری رہے گا۔اس موقع پر صدر مملکت نے الشفا ٹرسٹ کے بانی لیفٹیننٹ جنرل جہاں داد خان کو انسانیت کی خدمت کے لیے شاندار ادارے کے قیام پر خراج تحسین پیش کیا۔