پاناما لیکس کے پیچھے عالمی سازش ہوسکتی ہے: رانا ثنااللہ خان
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) وزیر قانون پنجاب رانا ثنااللہ خان نے پاناما لیکس کو پاجامہ اور شیطانی لیکس قرار دینے کے بعد اب عالمی سازش قرار دے دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاناما لیکس منظر عام پر آنے کے بعد پنجاب کے وزیر قانون رانا ثنااللہ خان نے پہلے انہیں پاجامہ لیکس کہا جس کے بعد انہیں شیطانی لیکس کے اعزاز سے نوازا اور جمعرات کے روز پنجاب اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہیں عالمی سازش قرار دے دیا۔ رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ ان شیطانی لیکس کے پیچھے عالمی سازش ہوسکتی ہے کیونکہ پاناما لیکس میں جاپان اور چین کے سربراہوں کے نام شامل ہیں لیکن کیا وجہ ہے کہ سپر پاور کے متعلق ان لیکس میں کوئی انکشاف نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاناما پیپرز کے سربراہ نے ڈیٹا چوری کا الزام لگایا ہے اوریہ چوری شدہ مواد ہے جس کی ذمہ داری لینے والا کوئی نہیں ہے۔ پاناما لیکس میں لگائے گئے الزامات کی کوئی قانونی حیثیت نہیں ہے وزیر اعظم کی ہدایت پر کمیشن تشکیل پاچکا ہے اس کی تحقیقات کا انتظار کرنا چاہیے ۔