پنجاب حکومت گنپت روڈ کے تاجروں کے نقصان کا ازالہ کرے‘خامس سعید بٹ

پنجاب حکومت گنپت روڈ کے تاجروں کے نقصان کا ازالہ کرے‘خامس سعید بٹ

لاہور (کامرس رپورٹر) آل پاکستان پیپر مرچنٹس ایسوسی ایشن کے سینئر لیڈر خامس سعید بٹ نے پنجاب حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ گنپت روڈ آتشزدگی متاثرین کا نقصان جتنی جلد ہو پورا کرے کیونکہ لیسکو کی نااہلی کی وجہ سے درجنوں تاجر برباد ہوگئے ہیں۔ خامس سعید بٹ نے کہا ہے کہ عرصہ دراز سے لیسکو سے اپیل کی جارہی تھی کہ وہ مارکیٹ میں بجلی کا نظام درست کرے کیونکہ جگہ جگہ تاروں کے گچھوں اورننگی تاروں کی وجہ سے کوئی سانحہ رونما ہوسکتا ہے لیکن اس مطالبے پر توجہ نہیں دی گئی ۔

جس کا نتیجہ گنپت روڈ پر ہولناک آتشزدگی اور کروڑوں روپے کے نقصان کی صورت میں نکلا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شارٹ سرکٹ کی وجہ سے پہلے بھی آگ لگنے کے واقعات رونما ہوتے رہے ہیں لیکن ان پر قابو پانے کے لیے کچھ نہیں کیا گیا۔ خامس سعید بٹ نے کہا ہے کہ تاجر ہر معاملے میں حکومت کا ساتھ دینے کی بھرپور کوشش کرتے ہیں لہذا یہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس مشکل وقت میں تاجروں کی مدد کرے۔ انہوں نے لیسکو سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ گنپت روڈ سمیت شہر بھر کی مارکیٹوں میں بجلی سپلائی کا نظام صحیح کرے بصورت دیگر ایسے نقصانات ہوتے رہیں گے۔ انہوں نے امید کا اظہار کیا کہ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف گنپت روڈ کے تاجروں کی مشکلات کا نوٹس لیتے ہوئے جلد ہی ان کے نقصان کا ازالہ کرنے کا حکم صادر کریں گے۔

مزید : کامرس


loading...