واپڈا کی جانب سے مشاورتی سیمینار کا انعقاد ، سابق سربراہان شریک ہونگے

واپڈا کی جانب سے مشاورتی سیمینار کا انعقاد ، سابق سربراہان شریک ہونگے

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(کامرس رپورٹر)چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل مزمل حسین(ریٹائرڈ) نے واپڈا کے سابق سربراہان (Chairmen)کو مشاورتی سیمینار میں شرکت کیلئے مدعو کیا ہے۔ واپڈا کی تاریخ میں اپنی نوعیت کا یہ پہلا مشاورتی سیمینار ہوگا، جو اگلے ہفتے واپڈا ہاؤس میں منعقد ہو رہا ہے۔یہ امر قابلِ ذکر ہے کہ واپڈا نے ایک نئے عزم کے ساتھ سست روی کا شکار اپنے زیر تعمیر منصوبوں کو تیزتر تکمیل کی راہ پر گامزن کر دیا ہے اور ان منصوبوں کی جلد تکمیل کی بدولت ملک کے اندر بجلی اور پانی کی قلت پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔ تربیلا کے چوتھے توسیعی منصوبے سے 2017 ء کے آخر اور نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ سے 2018 ء کے اوائل میں بجلی کی پیداوار شروع ہوجائے گی۔ طویل تاخیر کا شکار کچھی کینال کے اہم منصوبہ کا پہلا مرحلہ تیزی سے تکمیل کی جانب بڑھ رہا ہے اور اس منصوبے کی بدولت 2017ء کے آخر تک بلوچستان کے ضلع ڈیرہ بگٹی میں 72 ہزار ایکڑ زمین سیراب ہوگی۔واپڈا کے مختلف منصوبوں پر قابل اور پُرعزم آفیسرز تعینات کئے گئے ہیں جبکہ بعض آفیسرز کو اُن کی معمولی اور غیرتسلی بخش کارکردگی کی وجہ سے اہم عہدوں سے تبدیل کر دیا گیا ہے۔ ایک اور اہم اقدام کے طور پر واپڈا کے سابق سربراہان(Chairmen) کے بیش بہا تجربات سے استفادہ کرنے کیلئے واپڈا نے مشاورتی سیمینار کے انعقاد کا آغاز کیا ہے۔ سیمینار کے انعقاد کا مقصد زیرتعمیر منصوبوں کی جلد تکمیل کیلئے واپڈا کی موجودہ انتظامیہ کی جانب سے کی جانے والی کوششوں کے ساتھ آبی وسائل کے موثر انتظام و انصرام اور پن بجلی کی پیداوار کے بارے میں اُن کی قابلِ قدر رائے/ مشاورت حاصل کرنا ہے۔ یہ مشاورتی سیمینار ہرسال منعقد کیا جائے گا۔

مزید :

کامرس -