سماجی و معاشی ترقی کیلئے حکومتی اقدامات قابل تحسین ہیں: سفیر یورپی یونین

سماجی و معاشی ترقی کیلئے حکومتی اقدامات قابل تحسین ہیں: سفیر یورپی یونین

لاہور (کامرس رپورٹر) یورپی یونین کے سفیر برائے پاکستان جین فرانکوئس کوٹین نے سماجی و معاشی ترقی کیلئے اٹھائے گئے حکومتی اقدامات کو قابل تحسین قرار دیا گیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پنجاب بورڈ برائے سرمایہ کاری و تجارت کے دورہ کے موقع پر کیا۔ صوبائی وزیر برائے انسانی حقوق اور اقلیتی امور طاہر خلیل سندھو ، پنجاب بورڈ برائے سرمایہ کاری و تجارت کے چیف ایگزیکٹو آفیسر اور دیگر اعلیٰ حکام نے اس موقع پر یورپی یونین کے سفیر کا استقبال کیا اور انہیں پنجاب میں معاشی ترقی و سرمایہ کاری کے لئے سازگار ماحول سے آگاہ کیا۔ یورپی یونین کے سفیر برائے پاکستان جین فرانکوئس کوٹین نے پنجاب میں پائیدار ترقی اور عوام کی بہتری کیلئے اٹھائے گئے اقدامات کی تعریف کی اور کہا کہ دیرپا ترقی اور معاشی استحکام کیلئے پاکستان میں پبلک اور پرائیویٹ سیکٹرز کو مل کر کام کرنا ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ جی ایس پی پلس سٹیٹس سے مکمل طور پر استفادہ حاصل کرنے کیلئے ضروری ہے کہ نجی اور سرکاری شعبے عوامی سطح اکٹھے کام کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ جی ایس پی پلس کا درجہ حاصل ہونے سے پاکستان کی یورپی یونین کو کی جانے والی برآمدات میں 78 فیصد اضافہ ہوا ہے جو کہ ایک انتہائی خوش آئند بات ہے جبکہ تجارت کے حجم میں اضافے سے یورپی یونین اور پاکستان دونوں کو فائدہ ہو رہا ہے۔ صوبائی وزیر برائے انسانی و حقوق و اقلیتی امور طاہر خلیل سندھو نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عالمی سطح پر پاکستان کی صحیح عکاسی نہیں کی جا رہی جس کی وجہ سے یہاں بیرونی سرمایہ کاری اپنے اصل اہداف حاصل نہیں کر پا رہی۔ انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر پاکستان کا تاثر بہتر کرنے کی اشد ضرورت ہے۔ پنجاب بورڈ برائے سرمایہ کاری و تجارت کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ہارون شوکت نے یورپی یونین کے سفیر سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ جی ایس پی پلس کا درجہ ملنے کے باوجود پاکستان اس سے اسکی اصل روح کے مطابق فائدہ نہیں اٹھا سکا ۔پاکستان جی ایس پی پلس کے ثمرات سے پوری طرح مستفید ہونے کیلئے تمام امکانات کا جائزہ لے رہا ہے تاکہ یورپی یونین کے تمام ممالک تک اس کی برآمدات کی رسائی ہو سکے۔ انہوں نے زرعی اجناس اور تیار شدہ خوراک کی برآمد کیلئے یورپی کمپنیوں کے ساتھ اشتراکی منصوبوں اور جدید مشینری کے تبادلے پر بھی زور دیا۔ انہو ں نے کہ پاکستان دنیا کے ان دس بہترین ملکوں میں شامل ہے جو کاروبار میں آسانی کیلئے انقلابی اصلاحات متعارف کروا رہے ہیں۔ ہارون شوکت نے بتایا کہ پنجاب سرمایہ کاری میں اضافے کیلئے بہت بڑا سیمینار منعقد کروانے جا رہا ہے جس کیلئے ہمیں یورپی یونین کی مکمل مدد کی ضرورت ہو گی جس پر یورپی یونین کے سفیر نے کہا کہ یورپی یونین اس حوالے سے حکومت پنجاب کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

مزید : کامرس


loading...