پی سی بی کا مصباح الحق کے اعزاز میں شاندار تقریب کے انعقادکااعلان

پی سی بی کا مصباح الحق کے اعزاز میں شاندار تقریب کے انعقادکااعلان

لاہور (ا ین این آئی) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار خان نے قومی کرکٹ ٹیم کے لئے خدمات کے اعتراف میں مصباح الحق کے اعزاز میں شاندار تقریب کے انعقاد اور انہیں ایوارڈ دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اپنے کیریئر کے دوران مصباح الحق نے ہر جگہ پاکستان کا نام روشن کیا ،نوجوان کھلاڑیوں کو ان کے نقش قدم پر چلنا چاہئے ۔قومی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق کی طرف سے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے اعلان کے بعد قذافی اسٹیڈیم میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی شہریار خان نے کہا کہ مصباح الحق کی پاکستان کرکٹ کے لئے خدمات بہت زیادہ ہیں اور اس پر ان کی جتنی تعریفیں کی جائیں وہ کم ہیں ۔ان کا کرکٹ ٹیم پر بیلنس شاندار تھا ۔

کھلاڑی مصباح الحق کی پیروی کرتے تھے اور پوری دنیا میں پاکستان ٹیم کی تعریفیں ہوتی تھی ۔انہوں نے اعلان کیا کہ دورہ ویسٹ انڈیز کے بعد مصباح الحق کے اعزاز میں تقریب ہوگی ان کو خدمات کے اعتراف میں اعزاز ات کے علاوہ اور بہت کچھ کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ مصباح الحق نے اپنے کیریئر کے دوران ہر جگہ پاکستان کا نام روشن کیا ۔ان کا نہ صرف کھلاڑیوں بلکہ امپائرز ،ریفریز اور دیگر عہدیدران سے رویہ بہت بہتر تھا ۔حالانکہ آسٹریلیا میں ہماری ٹیم ہار گئی لیکن آسٹریلین کرکٹ بورڈ نے پاکستان ٹیم کے رویہ کی تعریف کی اور اس بارے میں تعریفی خط بھی لکھا جو کہ صرف اور صرف مصباح الحق کی کپتانی کی وجہ سے تھا ۔شہریار خان نے مزید کہا کہ مصباح الحق نے پاکستان کو ٹیسٹ کی عالمی رینکنگ میں نمبر ون پوزیشن پر پہنچایا ۔وہ بہت سمجھ دار کپتان ہیں اور نہیں پتہ ہے کہ اپنے بولرز ،فیلڈرز اور بلے بازوں سے کیسے کام لینا ہے ۔نوجوان کھلاڑیوں کو مصباح الحق کے نقش قدم پر چلنا چاہئے ۔وہ نوجوان کھلاڑیوں کے لئے رول ماڈل ہیں ۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی


loading...