شکیب الحسن بنگلہ دیشی ٹی ٹونٹی ٹیم کی قیادت کے مضبوط امیدوار

شکیب الحسن بنگلہ دیشی ٹی ٹونٹی ٹیم کی قیادت کے مضبوط امیدوار

ڈھاکہ(نیٹ نیوز ) مشرفی مرتضیٰ کی ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے بعد شکیب الحسن بنگلہ دیشی ٹی ٹونٹی ٹیم کی قیادت کے مضبوط ترین امیدوار بن گئے۔ مشرفی نے سری لنکا کے خلاف کھیلے گئے سیریز کے پہلے ٹی ٹونٹی میچ سے قبل ٹی ٹونٹی کو خیرباد کہہ دیا تھا۔ بنگلہ دیشی کرکٹ بورڈ (بی سی بی) کے صدر نظم الحسن نے اپنے بیان میں کہا کہ وہ تینوں فارمیٹس میں الگ، الگ کپتان کے حق میں ہیں، ہمارے پاس پانچ امیدوار ہیں لیکن مشرفی اور مشفق الرحیم پہلے ہی ون ڈے اور ٹیسٹ ٹیموں کی قیادت کر رہے ہیں اسلئے ہمارے پاس شکیب الحسن، تمیم اقبال اور محموداللہ کا آپشن بچا ہے، شکیب ذہنی صلاحیت اور کارکردگی کی وجہ سے کافی میچور ہو چکے ہیں۔

اسلئے وہ ٹی ٹونٹی ٹیم کی قیادت کیلئے سب سے موزوں امیدوار ہیں تاہم حتمی فیصلہ بورڈ آف ڈائریکٹرز کی مشاورت کے بعد کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ مشرفی ون ڈے کے کپتان برقرار رہیں گے، ون ڈے ٹیم کی قیادت بدلنے کا کوئی چانس نہیں، ایک سال قبل ہم نے سوچا تھا کہ مشرفی چیمپئنز ٹرافی تک کھیلیں گے لیکن اب ہمیں لگ رہا ہے کہ وہ طویل عرصے تک ٹیم کو دستیاب ہوں گے۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی


loading...