شاداب خان پاکستانی کرکٹ کا قیمتی سرمایہ ہیں، مکی آرتھر

شاداب خان پاکستانی کرکٹ کا قیمتی سرمایہ ہیں، مکی آرتھر
 شاداب خان پاکستانی کرکٹ کا قیمتی سرمایہ ہیں، مکی آرتھر

  


گیانا (نیٹ نیوز) پاکستانی ٹیم کے ہیڈکوچ مکی آرتھر نے کہا ہے کہ شاداب خان گرین شرٹس کا قیمتی سرمایہ ہیں، اگر ان کی کارکردگی میں تسلسل برقرار رہا اور وہ مستقبل میں ایک بہترین آل راؤنڈر ثابت ہوں گے، کالی آندھی کے خلاف ون ڈے سیریز ٹیم کیلئے چیلنجنگ ہو گی، کامیابی کیلئے کھلاڑیوں کو کھیل کے تینوں شعبوں میں جان لڑانا ہو گی۔ پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کا آغاز آج سے ہو رہا ہے۔ دونوں ٹیموں کیلئے 2019ء میں شیڈول آئی سی سی ون ڈے ورلڈکپ تک براہ رسائی حاصل کرنے کیلئے یہ سیریز انتہائی اہمیت کی حامل ہے اسلئے کانٹے دار اور سنسنی خیز مقابلے کی توقع کی جا رہی ہے۔ اپنے ایک بیان میں پاکستانی ٹیم کے ہیڈکوچ نے ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹی ٹونٹی سیریز میں کامیابی میں نوجوان آل راؤنڈر شاداب خان کے کردار کو سراہا اور کہا کہ وہ پاکستان کرکٹ کا قیمتی سرمایہ ہیں، اگر ان کی کارکردگی میں تسلسل برقرار رہا تو وہ مستقبل میں ایک بہترین آل راؤنڈر بن سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کالی آندھی کے خلاف ٹی ٹونٹی سیریز میں فتح ٹیم کی بڑی کامیابی ہے، مجھے اس بات کی زیادہ خوشی ہے کہ سیریز کی کامیابی میں نوجوان کھلاڑیوں نے کردار ادا کیا جو کہ پلس پوائنٹ ہے، اب ون ڈے سیریز میں بھی کھلاڑیوں سے اچھی کارکردگی کی توقع ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ویسٹ انڈیز کے خلاف ون ڈے سیریز ٹیم کا اصل امتحان ہو گی، ٹی ٹونٹی سیریز میں فتح کے باوجود ایک روزہ سیریز میں اسے آسان حریف تصور کرنے کی غلطی نہیں کریں گے اور کامیابی کیلئے کھلاڑیوں کو کھیل کے تینوں شعبوں میں سو فیصد کارکردگی دکھانا ہو گی۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی


loading...