سکواش پریمیئر لیگ کرانے کا خواب پورا ہورہا ہے،جہانگیر خان

سکواش پریمیئر لیگ کرانے کا خواب پورا ہورہا ہے،جہانگیر خان

لاہور (سپورٹس رپورٹر) پنجاب سکواش ایسوسی ایشن کے تحت ہونیوالی پہلی ایف ایم سی سکواش پریمیئر لیگ کی رنگا رنگ افتتاحی تقریب میں شریک سابق عظیم سکواش کھلاڑی جہانگیر خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کا خواب پورا ہو رہا ہے۔ لیگ کروانا ان کا خواب تھا۔ ان کے دور میں تو مکمل نہیں ہو سکا مگر اب پنجاب سکواش ایسوسی ایشن اسے منعقد کروا رہی ہے جو خوش آئند بات ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ ایک بہت بڑا قدم ہے جس سے پاکستان میں سکواش دوبارہ مقبولیت حاصل کرلے گی۔ انہوں نے پنجاب سکواش ایسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹر ندیم مختار، سیکرٹری شیر از سلیم اور پوری ٹیم کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے نوجوانوں کو ایک پلیٹ فارم مہیا کیا۔ چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ شہریار خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انہیں خوشی ہے کہ اتنی بڑی لیگ سکواش میں شروع کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے سکواش کا عروج اپنی آنکھوں سے دیکھا ہے۔ ہاشم خان کا دور، جہانگیر خان کے والد کا دورمجھے امید ہے کہ پنجاب سکواش ایسوسی ایشن اس قدم سے سکواش واپس عروج کی طرف جائے گی۔ پاکستان سکواش فیڈریشن کے سیکرٹری ونگ کمانڈر طاہرسلطان کا کہنا تھا کہ پنجاب سکواش ایسوسی ایشن مبارکباد کی مستحق ہے ۔

یہ سکواش کے عروج کی طرف ایک مثبت قدم ہے۔ صوبائی وزیر سپورٹس جہانگیر خانزادہ کا کہنا تھا کہ انہیں یہاں آکر بہت خوشی ہوئی ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب کا ویژن بھی پنجاب میں کھیلوں کی بحالی ہے۔ میں آج فخر محسوس کر رہا ہوں کہ میں سکواش کے عظیم کھلاڑیوں جہانگیر خان اور گوگی علاؤ الدین کے ساتھ بیٹھا ہوا ہوں۔ ہم سکواش کو مکمل سپورٹ کریں گے۔ امید ہے کہ اس لیگ سے اچھا ٹیلنٹ ابھر کر سامنے آئے گا۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی


loading...