فیفا رینکنگ ، برازیلین فٹبال ٹیم 7برس میں پہلی بار ٹاپ پوزیشن پر براجمان

فیفا رینکنگ ، برازیلین فٹبال ٹیم 7برس میں پہلی بار ٹاپ پوزیشن پر براجمان

زیورخ (نیٹ نیوز) پانچ مرتبہ کی عالمی چیمپئن برازیلین ٹیم فیفا کی تازہ ترین رینکنگ میں ایک درجہ ترقی پا کر سات برسوں میں پہلی بار ٹاپ پوزیشن پر براجمان ہو گئی، برازیلین نے ارجنٹائن سے پہلی پوزیشن چھینی، سوئٹزرلینڈ 2 درجے ترقی کے ساتھ ٹاپ ٹین میں شامل جبکہ یوروگوئے 6 درجے تنزلی کا شکار ہو کر ٹاپ ٹین سے باہر ہو گیا، شمالی آئرلینڈ 9 درجے چھلانگ لگا کر 29ویں نمبر پر اور ایران 5 سیڑھیاں چڑھ کر 28ویں نمبر پر آ گیا۔ جمعرات کو فٹ بال کی عالمی تنظیم (فیفا) کی طرف سے جاری کردہ تازہ ترین عالمی درجہ بندی میں برازیل کی ٹیم جس نے گزشتہ ہفتے 2018ء میں شیڈول ورلڈکپ میں براہ راست رسائی حاصل کر کے پہلی ٹیم ہونے کا اعزاز پایا تھا ایک درجہ ترقی کے ساتھ ٹاپ پوزیشن پر آ گئی، ارجنٹائن کی ٹیم تنزلی کے بعد دوسرے نمبر پر چلی گئی، عالمی چیمپئن جرمنی اور چلی تیسرے اور چوتھے نمبر پر موجود ہیں، کولمبیا نے 2 درجے بہتری پا کر بیلجیئم کو پانچویں سے ساتویں پوزیشن پر دھکیل دیا، فرانس چھٹے اور پرتگال آٹھویں نمبر پر برقرار ہے، سوئٹزرلینڈ دو سیڑھیاں چڑھ کر ٹاپ ٹین میں شامل ہو گیا، سپین دسویں نمبر پر موجود ہے، پولینڈ کی ایک، اٹلی کی 3، میکسیکو، پیرو اور مصر کی ایک، ایک آئس لینڈ کی 2، ترکی کی 4، امریکہ کی 7، سلواکیا کی 2 شمالی آئرلینڈ کی 9، ایران کی 5، سویڈن کی 11، پیراگوئے کی 5، یونان کی 7 اور نائیجیریا کی ایک درجے ترقی ہوئی ہے۔ جاپان 7 اور آسٹریلیا 5 درجے چڑھ کر ٹاپ ففٹی میں شامل ہو گیا۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی


loading...