پی آئی ایف ، یو کئیر فاؤنڈیشن یوکے کا چیریٹی ڈنر، کروڑوں کے عطیات کا اعلان

پی آئی ایف ، یو کئیر فاؤنڈیشن یوکے کا چیریٹی ڈنر، کروڑوں کے عطیات کا اعلان

لاہور( نمائندہ خصوصی) پاکستان انٹرنیشنل فاؤنڈیشن اور یو کئیر فاؤنڈیشن یوکے کے سالانہ چیریٹی ڈنر کی تقریب مقامی ہوٹل میں منعقد ہوئی، تقریب سے خطاب میں فاؤنڈیشن کے سربراہ و سابق گورنر چودھری محمد سرور نے کہا اصل کام ہی انسانیت کی خدمت ہے دولت مند آدمی امیر نہیں ہوتا بلکہ انسانیت کی خدمت کر نیوالا دولت مند ہوتا ہے اگر آپکے پاس طاقت دولت اور عہدہ ہے اور اسکے باوجود بھی اگر آپ کسی دکھی انسان کی کوئی خدمت نہیں کرتے ہیں تو اسکا کوئی فائدہ نہیں ۔ ہماری پاکستان کیساتھ محبت فطری ہے اور ہم نے ایسا سلسلہ بنا رکھا ہے کہ اگر ہمارے بچے برطانیہ میں بھی ہوں تو انکی پاکستان کیساتھ محبت و تعلق ختم نہ ہو سکے مجھے اس بات کی بڑی خوشی ہے کہ سالانہ ڈنر میں وہاں کے لوگ اپنا پیسہ خرچ کرکے یہاں پر آتے ہیں اور اپنا حصہ بھی ڈالتے ہیں ۔ فاؤنڈیشن کے تحت جو ہسپتال بنایا اور جو آئی کیمپ لگائے جاتے ہیں وہاں سے ہزاروں مریضوں کو علاج معالجہ کی سہولیت میسر ہے ، میری مسز پروین سرور نے عورتوں کو ہنر مند بنانے کیلئے اسی سینٹر بنا رکھے ہیں اور ہم صاف پانی کیلئے بھی کام کررہے ہیں ۔ ڈنر میں جو مخیر حضرات نہیں بھی آ سکے تو انہوں نے اپنے عطیات بھجوائے ہیں اور کار خیر میں اپنا حصہ ڈالا ہے ۔اس موقع پر مخیر حضرات کے دئیے گئے لاکھوں روپے کے عطیات کا بھی اعلان کیا گیا ، چودھری محمد سرور کے ایک دوست کا نام لئے بغیر ایک کروڑ روپے کے عطیہ کا اعلان کیا گیا جبکہ ایم پی اے محمد رفیق رجوانہ نے اپنی ایک ماہ کی اسمبلی کی تنخواہ عطیہ دینے کا اعلان کیا اور اسکے علاوہ ایک چیک بھی دیا اسی طرح سے تقریب میں موجود مرد و خواتین نے عطیات اور چیک دئیے گئے جبکہ معروف گلوکار وارث بیگ نے پانی کے حوالے سے گاناسنایا ،سٹیج سیکرٹری کے فرائض عائشہ ثناء نے انجام دئیے ۔ تقریب میں روز نامہ پاکستان کے چیف ایڈیٹر مجیب الرحمن شامی،سینئر صحافی رحمت علی رازی،نوید چودھری ، میاں محمود الرشید، سابق ایم اپی اے احسان اللہ وقاص،اکرم چودھری،اینکر حبیب اکرم،غلام محی الدین دیوان سمیت کئی اہم شخصیات بھی موجود تھیں ۔

مزید : صفحہ آخر


loading...