سی پیک: لیبر فورس کی تیاری میں بلوچستان کی مدد کرینگے: عائشہ غوث
لاہور (کامرس رپورٹر)حکومت پنجاب پاک چائنا اکنامک کاریڈورسے استفادے کے لیے لیبر فورس کی تیاری میں بلوچستان کو تکنیکی معاونت فراہم کرے گی جس میں گوادر کے فنی تربیتی ادروں کے لیے مارکیٹ ڈیمانڈ کے مطابق سلیبس کی تیاری ، بزنس انکیوبیشن سینٹرز کا قیام اور یوتھ انٹرپینیورشپ پروگرام کا آغاز شامل ہو گا ۔ لائبریوں اور لیبارٹریوں کی اَپ گریڈیشن کے لیے فنڈز فراہم کیے جائیں گے۔ صوبے کی تمام پبلک یونیورسٹیوں میں بلوچستان کے لیے مخصوص کوٹہ کے اطلاق کو یقینی بنایا جائے گا اور مشترکہ تحقیق کے رُجحان کو فروغ دیا جائے گا ۔ دانش سکولوں میں بلوچی طلبہ کے لیے مخصوص نشستوں کی تعداد میں اضافہ کیا جائے گا۔ گوادر کے کالجوں میں فٹ بال کے کھلاڑیوں کے لیے پلے گراؤنڈز بنائے جائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر خزانہ ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا نے حکومت پنجاب کی جانب سے بلوچستان میں اُٹھائے جانے والے اقدامات کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کے دوران کیا۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ پنجاب ملک کا سب سے بڑا صوبہ ہونے کی حیثیت سے دیگر صوبوں کی ترقی میں ہمیشہ سے اپنا کردار ادا کرتا آیا ہے جس کی سب سے بڑی مثال نیشنل فنانس کمیشن میں اپنے حصے سے بلوچستان کو دیا جانے والا سب سے زیادہ شےئر ہے ۔ اس موقع پر اُن کے ساتھ وزیر برائے ہائر ایجوکیشن رضاعلی گیلانی اور اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے منسٹر مہر اعجاز اچلانہ بھی موجود تھے۔صوبائی وزراء نے ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا کو بتایا کہ وہ جلد ایک وفد کے ساتھ بلوچستان روانہ ہو رہے ہیں تاکہ کسی بھی اقدام سے قبل ان کی سیاسی قیادت کو اعتماد میں لیا جا سکے۔