’’پنجاب سپیڈ‘‘دراصل شفافیت کارکردگی،معیاراور کوآرڈینیشن کا دوسرا نام ہے ،رین ژی ننگ
لاہور(جنرل رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے چین کے سرمایہ کاروں کے وفد کی ملاقات کے دوران وفد کے سربراہ چیئرمین آف دی بورڈ اینڈ پارٹی سیکرٹری آف چینگ ڈو شنگ چینگ انوسٹمنٹ گروپ رین ژی ننگ نے ترقیاتی منصوبوں کی تیز رفتاری سے تکمیل پر ’’پنجاب سپیڈ‘‘ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ صوبہ پنجاب کی غیر معمولی ترقی وزیراعلیٰ شہبازشریف کی ولولہ انگیز قیادت کی مرہون منت ہے ۔چین میں شینزن سپیڈ ماضی کا حصہ بن چکی ہے اور اب مستقبل ’’پنجاب سپیڈ‘‘کا ہے ۔ چین میں اب تیزرفتاری سے منصوبوں کی تکمیل کے حوالے سے ’’پنجاب سپیڈ ‘‘کی اصطلاح استعمال ہوتی ہے، بلاشبہ منصوبوں کی تیزرفتاری سے تکمیل کے حوالے سے ’’پنجاب سپیڈ‘‘ شہباز شریف کا اعزاز ہے اور چین کی قیادت اور اعلی حکام بھی آپ کی غیر معمولی صلاحیتوں کو سراہتے ہیں۔چین میں’’ پنجاب سپیڈ‘‘کی اصطلاح کا رائج ہونا چینی قیادت کا آپ پر بھر پور اعتماد کا اظہار ہے ۔سربراہ چینی وفد نے کہا کہ میں نے پنجاب آکر خود ’’پنجاب سپیڈ‘‘کا عملی مشاہدہ کیا ہے اور ’’پنجاب سپیڈ‘‘دراصل شفافیت ،کارکردگی،معیاراور کوآرڈینیشن کا دوسرا نام ہے ۔