بارشوں کے باعث گھریلو لوڈشیڈنگ میں کمی ہوگئی
لاہور (کامرس رپورٹر)ملک میں گزشتہ روز بھی بجلی کی ڈیمانڈ کم ہی رہی جس کے باعث شارٹ فال ساڑھے چار ہزار میگاواٹ کی سطح پر رہا ۔ واضح رہے کہ ملک میں جاری حالیہ بارشوں اور بالائی علاقوں میں برف باری سے ملک میں بجلی کی ڈیمانڈ میں کمی آئی ہے ۔ موسم خوشگوار ہونے پر بیشتر گھروں میں اے سی کا استعمال بند ہو گیا ہے ۔دوسری جانب صنعتی صارفین کے لئے بھی لوڈ شیڈنگ شروع کرکے گھریلو صارفین کے لوڈ شیڈنگ میں کمی کی گئی ہے ۔ سی این جی کے لئے گیس کی سپلائی بند کرکے پاور جنریشن یونٹوں کو دی جا رہی ہے جس سے آئی پی پیز کی پیداوار میں بھی اضافہ ہوا ہے ۔گزشتہ روز شہروں میں آٹھ گھنٹے جبکہ دیہی علاقوں میں بارہ گھنٹے تک کی لوڈ شیڈنگ کی گئی ۔