ضلعی عدالتوں کے146ججوں کی ترقی،انتظامی کمیٹی کا اجلاس طلب

ضلعی عدالتوں کے146ججوں کی ترقی،انتظامی کمیٹی کا اجلاس طلب

لاہور(نامہ نگار خصوصی )لاہورہائیکورٹ نے ضلعی عدالتوں کے146ججوں کو محکمانہ ترقی دینے کے لئے 14اپریل کو انتظامی کمیٹی کا اجلاس طلب کرلیاہے۔ 37سینئر سول ججوں کو ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز اور109سول ججز کوسینئر سول ججز کے عہدوں پرترقی دینے بارے منظوری دی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق چیف جسٹس سید منصورعلی شاہ کی زیرصدارت 14اپریل کولاہورہائیکورٹ کی انتظامی کمیٹی کا اجلاس ہوگا جس میں ہائیکورٹ کے سینئر ترین جج جسٹس شاہد حمید ڈار، جسٹس محمد یاورعلی ، جسٹس محمد انوارالحق ، جسٹس سردارمحمد شمیم خان ، جسٹس مامون الرشید شیخ اورجسٹس محمد فرخ عرفان خان شریک ہوں گے، اجلاس میں لاہورسمیت پنجاب بھر میں تعینات 37سینئر سول ججز کو ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز کے عہدوں پرترقی دینے بارے منظوری دینے کافیصلہ کیا جائے گا۔ جن سینئر سول ججز کو ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈسیشن ججز کے عہدوں پرترقی دینے بارے فیصلہ کیاجائے گا، ان میں لاہورمیں تعینات سینئر سول جج سید علی عباس ، خالد سلیم سوہل ، فیصل آباد میں تعینات محمد فضل مجوکہ، چنیوٹ میں تعینات ملک امان اللہ خان ، جھنگ میں تعینات محمد اعجازرضا، ٹوبہ ٹیک سنگھ میں تعینات سجاول خان شامل ہیں ، جن دیگراضلاع میں تعینات سینئر سول ججز کو ترقی دینے بارے غورہوگا ، ان میں منورحسین ، ماجد حسین ، محمد یاسین سوہل ، اقتدارعلی ، امجد خان ،صائمہ حسنین ، طاہراسلم ، عائشہ رشید اعوان ، حاکم خان ، محمد اقبال ، سعد سلمان خان ، مصباح النبی سمیت دیگرججز شامل ہیں ،109سول ججز کوسینئر سول ججز کے عہدوں پرترقی دینے کی منظوری دی جائے گی جس کے بعد ہرضلع میں ایک کی بجائے 3سینئرسول ججز تعینات ہوں گے،ہرضلعی عدالت میں سینئر سول جج جوڈیشل ،سینئر سول جج ایڈمنسٹریٹو اورسینئر سول جج گارڈین تعینات ہوگا، لاہورمیں دوکی بجائے 4سینئر سول ججز تعینات ہوں گے۔

مزید : صفحہ آخر


loading...