کراچی، گھر پر پہاڑی تودہ گرنے سے ایک ہی خاندان کے 5افراد جاں بحق، 3زخمی

کراچی، گھر پر پہاڑی تودہ گرنے سے ایک ہی خاندان کے 5افراد جاں بحق، 3زخمی

کراچی(آن لائن) گلشن غازی کے علاقے میں پہاڑی تودہ گرنے سے ایک ہی خاندان کے 5 افراد جاں بحق اور 3 زخمی ہو گئے۔ پہاڑی تودہ رات دیر گئے ضمیر نامی شخص کے گھر پر گرا جس کے نتیجے میں مالک مکان ضمیر، ان کی بیٹی اقرا اور بیٹا عبداللہ موقع پر ہی جاں بحق اور 5 افراد زخمی ہو گئے، بعد ازاں ایک خاتون اور ایک بچہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔پہاڑی علاقہ ہونے کی وجہ سے مقامی افراد نے اپنی مدد آپ کے تحت لاشوں اور زخمیوں کو ملبے سے نکالا تمام متاثرین کو سول ہسپتال منتقل کیا۔ زخمیوں میں 7 سالہ یسرا، 10 سالہ مسکان اور 13 سالہ رومہ شامل ہیں جنہیں طبی امداد دی جا رہی ہے۔علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ اس گھر میں مدرسہ قائم تھا،اگر صبح یا دوپہر کو ایسا واقعہ رونما ہو جاتا تو زیادہ اموات ہو سکتی تھیں۔ مقامی افراد نے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ تودے کو ہٹانے کے لئے ہیوی مشینری بھیجی جائے تاہم پیچیدہ اور تنگ راستہ ہونے کے باعث ہیوی مشینری کا وہاں پہنچنا نا ممکن دکھائی دیتا ہے۔ علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ اگر پہاڑی تودہ مزید سرکا تو 10 سے 12 دیگر مکان بھی اس ک زد میں آ سکتے ہیں فوری طور پر تودے ہٹانے کا کام شروع کیا جائے۔یاد رہے کہ اکتوبر 2015 میں کراچی میں گلستان جوہر بلاک۔ون میں جھگیوں پر پہاڑی تودہ گرنے سے 7 بچوں اور3 خواتین سمیت 13 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔

مزید : صفحہ آخر


loading...