قوم اپنے بہادرسپوتوں کی عظیم قربانیوں کو کھبی فراموش نہیں کر سکتی : شہباز شریف

قوم اپنے بہادرسپوتوں کی عظیم قربانیوں کو کھبی فراموش نہیں کر سکتی : شہباز ...

لاہور(جنرل رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ ملک نازک دور سے گزر رہا ہے۔ اتحاد اور اتفاق کی جتنی ضرورت آج ہے، پہلے کبھی نہ تھی۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قوم بے مثال اتحاد کا مظاہرہ کر رہی ہے۔ اتحاد اور اتفاق کی قوت سے دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو شکست دیں گے۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے ان خیالات کا اظہار ایم این اے پرویز ملک اور صوبائی وزیر خواجہ عمران نذیر سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک افواج، پولیس، سیاستدانوں، افسروں اور زندگی کے ہر شعبے سے تعلق رکھنے والے افراد نے لازوال قربانیاں دی ہیں۔ملک و قوم کی خاطر اپنی جانیں قربان کرنے والے ہمارے سروں کے تاج ہیں اور قوم اپنے بہادر سپوتوں کی عظیم قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرسکتی۔دوسری طرف شہبازشریف سے چینی سرمایہ کاروں کے وفد نے ملاقات کی ،ملاقات میں چینی وفدنے پنجاب میں کم آمدن والے افراد کے لئے گھروں کی تعمیر کے منصوبے میں سرمایہ کاری پر دلچسپی کا اظہار کیا۔چینی وفد کی قیادت چیئرمین آف دی بورڈ اینڈ پارٹی سیکرٹری آف چینگ ڈو شنگ چینگ انوسٹمنٹ گروپ رین ژی ننگ کررہے تھے ۔چینی وفد کے سربراہ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صوبہ پنجاب کی غیر معمولی ترقی وزیراعلیٰ شہبازشریف کی ولولہ انگیز قیادت کی مرہون منت ہے ۔چین میں شینزن سپیڈ ماضی کا حصہ بن چکی ہے اور اب مستقبل ’’پنجاب سپیڈ‘‘کا ہے ۔ چین میں اب تیزرفتاری سے منصوبوں کی تکمیل کے حوالے سے ’’پنجاب سپیڈ ‘‘کی اصطلاح استعمال ہوتی ہے، بلاشبہ منصوبوں کی تیزرفتاری سے تکمیل کے حوالے سے ’’پنجاب سپیڈ‘‘ شہباز شریف کا اعزاز ہے اور چین کی قیادت اور اعلی حکام بھی آپ کی غیر معمولی صلاحیتوں کو سراہتے ہیں۔چین میں’’ پنجاب سپیڈ‘‘کی اصطلاح کا رائج ہونا چینی قیادت کا آپ پر بھر پور اعتماد کا اظہار ہے ۔سربراہ چینی وفد نے کہا کہ میں نے پنجاب آکر خود ’’پنجاب سپیڈ‘‘کا عملی مشاہدہ کیا ہے اور ’’پنجاب سپیڈ‘‘دراصل شفافیت ،کارکردگی،معیاراور کوآرڈینیشن کا دوسرا نام ہے ۔انہوں نے کہا کہچینی گروپ لاہور، فیصل آباداورسیالکوٹ میں کم لاگت گھروں کی تعمیر کے منصوبے شروع کرنے کا جائزہ لے۔صوبائی وزیر ہاؤسنگ سید ہارون سلطان بخاری،چےئرمین پنجاب لینڈ ڈویلپمنٹ کمپنی ،ایم پی اے محمود قادر خان،ایڈیشنل چیف سیکرٹری اورمتعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے ۔

شہباز شریف

مزید : صفحہ اول


loading...