حق کی خاطرجانیں قربان کرنے والوں کو بھلا یا نہیں جا سکتا : مریم اورنگزیب

حق کی خاطرجانیں قربان کرنے والوں کو بھلا یا نہیں جا سکتا : مریم اورنگزیب

اسلام آباد(آن لائن)وزیرمملکت برائے اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ صحافی تلخ حقائق کی دھوپ میں سلگتے اورطعن و تشنیع کے نشتر سہتے ہیں،حق کی خاطر جانیں قربان کرنے والوں کو بھلایا نہیں جاسکتا،موجودہ صحافت کی آزادی وخوب صورتی شہداء کے خون کی وجہ سے ہے،جرنلسٹ ویلفےئر اور پروٹیکشن قانون وضع کررہے ہیں تاکہ صحافیوں کی فلاح وتحفظ کے تقاضے پورے کئے جائیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز یوم شہدائے صحافت کے موقع پر اپنے ایک پیغام میں کیا۔وزیرمملکت نے کہا کہ یوم شہدائے صحافت منانے پر پی ایف یو جے مبارک باد کی مستحق ہے جس نے یوم شہدائے صحافت منانے کا نہایت ہی احسن قدم اٹھایا ہے کیوں کہ یہ محض ایک دن نہیں بلکہ بہادروں کیلئے ہمارے عزم کی تجدید ہے،فرض شناسوں اور سچ کی لگن میں جان سے گزر جانے والوں کو بھلایا نہیں جاسکتا،ہم ان بہادروں اور فرض شناسوں کو سلام اور عقیدت پیش کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ صحافی معاشرے کے کان اور آنکھیں ہیں،جنہوں نے رائے عامہ ہموار کرنے اور حق کا ساتھ دینے کیلئے قربانیاں دیں،حالات وواقعات کی نزاکتوں کے باوجود ہماری صحافت نے بلند پایہ شخصیات کو جنم دیا اور آج صحافت کی آزادی اور اس کے چہرے کی خوب صورتی صحافتی شہداء کے خون کی وجہ سے ہے۔

مزید : صفحہ اول


loading...