شہریوں کو پانی سے محروم رکھنا ظلم کے مترادف ہے ،ایم کیو ایم

شہریوں کو پانی سے محروم رکھنا ظلم کے مترادف ہے ،ایم کیو ایم

کراچی(اسٹاف رپورٹر)متحدہ قومی موومنٹ (پاکستان ) کے اراکین سندھ اسمبلی نے کراچی میں پانی کے سنگین بحران کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ موسم گرما میں شہریوں کو پانی جیسی بنیادی ضرورت سے محروم کرنا سراسر ظلم ہے ۔ اپنے مشترکہ بیان میں انہوں نے کہاکہ کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن ، بلدیہ ٹاؤن ، نارتھ کراچی اور سرجانی ٹاؤن و دیگر علاقوں میں پانی کی شدید قلت نے لوگوں کو پریشان حال کردیا ہے ، پانی کی عدم فراہمی کے باعث شہر کراچی کے عوام پانی کے حصول کیلئے در بدر کی ٹھوکریں کھاتے پھر رہے ہیں لیکن حکومت سندھ اور متعلقہ ادارہ اس پر خاموش تماشائی کا کردار ادا کررہا ہے اور شہریوں کو پانی کی جیسی بنیادی ضرورت کی فراہمی کیلئے کوئی متبادل انتظام بھی نہیں کیاجارہا ہے جس پر شہریوں میں شدید غم وغصہ کی لہر پائی جاتی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ شہر میں پانی کی قلت کے پیش نظر ٹینکر سروس شروع کی گئی تھی جو کہ کرپشن کی نذر ہوچکی ہے اور شہری اب بھی مہنگے داموں پانی کے ٹینکر خریدنے پر مجبور ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ کراچی کے شہریوں کے ساتھ برسوں سے پانی کی فراہمی میں غفلت اورمجرمانہ لاپروائی کا کا مظاہرہ کیا جارہا ہے بلکہ یہ کہا جائے تو بالکل صحیح ہوگا کہ شہریوں کوپانی کے بحران سے چھٹکارا دلانے کے بجائے جان بوجھ کر شہر میں پانی کی قلت اور بحران پیدا کیاجارہا ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ۔ ارکان سندھاسمبلی نے وزیراعلیٰ سندھ مرادعلی شاہ سے مطالبہ کیا کہ شہر میں پانی کی شدید قلت میں ملوث عناصر کا محاسبہ کیاجائے اور شہریوں کو بلا تعطل پانی کی فراہمی کیلئے ہنگامی بنیادوں پر مثبت اور عملی اقداما ت بروئے کار لائے جائیں

مزید : کراچی صفحہ اول


loading...