قرآن مجید کی تعلیم ہم سب کیلئے ضروری ہے‘ انجینئر بلیغ الرحمن
بہاولپور(بیورورپورٹ)وزیر مملکت تعلیم و امور داخلہ انجینئر بلیغ الرحمن نے بہاول پور ضلع کے سرکاری سکولوں میں قرآن پاک کی ناظرہ تعلیم اور ترجمہ قرآن مجید کے باقاعدہ تدریسی پائلٹ پروگرام کا افتتاح کیا۔ اس سلسلہ میں اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور میں ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی (بقیہ نمبر52صفحہ12پر )
جس میں اراکین اسمبلی ڈاکٹرسید وسیم اختر، صبیحہ نذیر، فوزیہ ایوب قریشی، حسینہ بیگم، ڈپٹی کمشنر رانا محمد سلیم افضل، چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی چودہری بشیر احمد ، ڈاکٹر رانا محمد طارق، میاں شاہد اقبال، سکولوں کے اساتذہ ، والدین ، سول سوسائٹی کے ممبران اور طلباء موجود تھے۔وزیر مملکت بلیغ الرحمن نے کہا کہ قرآن مجید کی تعلیم ہم سب کے لیے ضروری ہے۔ اس کی تعلیم سے ہمیں زندگی گزارنے کا طریقہ، حقوق العباد کی ادائیگی اور اسلامی تعلیمات کے مطابق زندگی گزارنے کے بارے میں رہنمائی ملتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس پروگرام کے تحت پہلی سے پانچویں جماعت تک کے سرکاری سکولوں کے طلبا و طالبات کو ناظرہ قرآن پاک اور چھٹی سے دسویں جماعت تک طلبہ کو قرآن مجید کا ترجمہ اور تفسیر پڑھائی جائے گی۔ بعدازاں یہ پروگرام ملک بھر کے تمام سرکاری سکولوں میں شروع کیا جائے گا۔تقریب سے رکن صوبائی اسمبلی ڈاکٹر سیدوسیم اختر ، ایم این اے صبیحہ نذیر، فوزیہ ایوب قریشی نے اپنے اپنے خطاب میں کہا کہ قرآن مجید کا ناظرہ تعلیم ، ترجمہ اور تفسیر پڑھانے کا سلسلہ نہایت مبارک اقدام ہے اور قرآن کی تعلیم کا آغاز صدقہ جاریہ ہے۔ڈپٹی کمشنربہاول پور رانا محمد سلیم افضل نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری سکولوں میں قرآن مجید کا ناظرہ اور ترجمہ و تفسیر کے ساتھ پڑھنا نہایت خوش آئند اقدام ہے۔ انہوں نے کہا کہ طلبا و طالبات کو قرآن مجید کا ترجمہ اور تفسیر پڑھنے سے دین کی فہم و فراست حاصل ہوگی۔قبل ازیں چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی چودہری بشیر احمد نے سرکاری سکولوں میں قرآن مجید ناظرہ پڑھنے اور ترجمہ و تفسیر کی تعلیم کے حوالہ سے تفصیلات سے آگاہ کیا۔ بعدازاں وزیر مملکت تعلیم و امور داخلہ بلیغ الرحمن نے طلبا و طالبات میں نورانی قاعدہ ، قرآن مجید اور ترجمہ و تفسیر کے نسخہ جات بطور تحفہ دیے۔