مردم شماری کاعمل25اپریل تا25مئی تک جاری رہیگا،ڈی سی چکوال

مردم شماری کاعمل25اپریل تا25مئی تک جاری رہیگا،ڈی سی چکوال

چکوال(ڈسٹرکٹ رپورٹر) ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر عمر جہانگیر نے جمعرات کے روز بتایا کہ مردم شماری کا عمل 25اپریل سے25مئی تک جاری رہے گا اور اس کیلئے سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کیے جائیں گے۔ مردم شماری کے حوالے سے منعقد اعلیٰ سطح اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ مردم شماری کے عمل میں کسی قسم کی کوئی رکاوٹ نہیں آنی چاہیے ۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو تنویر الرحمن، وائس چیئرمین ضلع کونسل چوہدری خورشید بیگ، اسسٹنٹ کمشنرز اور محکمہ شماریات کے افسران نے شرکت کی۔ وفاقی محکمہ شماریات کے حافظ محمد شعیب نے بتایا کہ ملک بھر میں مردم شماری کا پہلا مرحلہ مکمل ہونے کے بعد اب دوسرا مرحلہ25اپریل سے شروع ہوگا۔ ضلع چکوال میں مردم شماری کے حوالے سے متعلقہ سامان پورے ضلع میں پہنچا دیا گیا ہے۔ پاک فوج کے جوانوں کی تعیناتی مکمل ہوچکی ہے۔ پاک فوج کے 1450 اہلکار، محکمہ تعلیم سے مردم شماری کیلئے1029 اساتذہ کی تقرری کی گئی ہے جبکہ محکمہ پولیس کے 800افسر اور جوان شمار کنندہ ٹیموں کو سیکورٹی دیں گے۔ ضرورت پڑنے پر مزید نفری بھی طلب کی جا سکتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ہر پٹوار سرکل کو ایک گاڑی مہیا کی جائے گی ۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ مردم شماری کے عمل کی تکمیل کیلئے حکومت نے بجٹ فراہم کر دیا ہے۔ جبکہ اقوام متحدہ کے نمائندے بھی مردم شماری کے عمل کی مانیٹرنگ کریں گے۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر


loading...