چارسدہ میں قومی وطن پارٹی کو بڑا دھچکا

چارسدہ میں قومی وطن پارٹی کو بڑا دھچکا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

چارسدہ (بیورو رپورٹ) قومی وطن پارٹی کو بڑا دھچکا۔ سابق ایم پی اے عالمزیب عمرزئی کے دیرینہ ساتھی انور شاہ باچا نے خاندان اور ساتھیوں سمیت قومی وطن پارٹی کے ساتھ 27سالہ وابستگی ختم کرنے کا اعلان کر دیا۔ پارٹی کی دِن رات خدمت کی مگر صلہ نظر اندازی کی صورت میں ملا ۔ پارٹی میں مخلص کارکنوں کے لئے کوئی جگہ نہیں ۔ آفتاب احمد خان شیر پاؤ سے کوئی ناراضگی نہیں مگر پی کے 19میں پارٹی کو نا اہل لوگوں کے حوالے کیا گیا ۔ ایم پی اے ارشد عمر زئی اور اس کا بھائی خور شید عمر زئی پارٹی کا رکنوں کو غلام اور پارٹی کو گھر کی لونڈی سمجھتے ہیں۔تفصیلات کے مطابق میڈیا سے بات چیت کر تے ہوئے سابق ایم پی اے عالمزیب عمر زئی مرحوم کے دیرینہ ساتھی اور پی کے 19کے پارٹی سالار انور شاہ با چا نے کہا کہ گزشتہ 27سال سے قومی وطن پارٹی کے لئے خدمات سر انجام دے رہا ہوں مگر بد قسمتی سے پارٹی قیادت نے پی کے 19کے تمام اختیارات ایم پی اے ارشد خان عمر زئی اور ان کے بھائی خور شید خان عمر زئی کے حوالے کی ہے جو پارٹی کارکنوں کو غلام اور پارٹی کو گھر کی لونڈی سمجھتے ہیں ۔انہوں نے واضح کیا کہ پارٹی قائد آفتاب احمد خان شیر پاؤ سے کوئی گلہ شکوہ نہیں ۔ پی کے 19میں پارٹی کارکنوں کو مسلسل نظر انداز کرنے اور پارٹی امور کو ایک گھر تک محدود رکھ کر پارٹی کو تباہی کے دہانے پر لایا گیا ہے ۔ایم پی اے ارشد خان عمر زئی اور خور شید خان عمر زئی پارٹی مفادات کی بجائے ذاتی مفادات کے حصول میں دلچسپی رکھتے ہیں۔ کسی بھی مسئلہ پر پارٹی کارکنوں سے مشاورت ضروری نہیں سمجھا جا تا ۔ انہوں نے کہا کہ نظریاتی اور دیرینہ کارکنوں کے لئے اب قومی وطن پارٹی میں کوئی جگہ نہیں اس لئے وہ خاندان اور ساتھیوں سمیت قومی وطن پار ٹی سے مستعفی ہونے کا اعلان کر تے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ساتھیوں کے مشاورت سے آئندہ کی سیاسی لائحہ عمل کا اعلان جلد کیا جائیگا۔